نئی دہلی، 11 دسمبر (یو این آئی) وزیر اطلاعات نشریات پرکاش جاوڈیکر نے مغربی بنگال میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے قومی صدر جگت پرکاش نڈا اور بی جے پی قائدین کے قافلے پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مغربی بنگال میں جمہوریت کا قتل ہورہا ہے مسٹر جاوڈیکر نے یہاں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مغربی بنگال کی ترنمول کانگریس کی حکومت اس حملے کی ذمہ دار ہے۔
انہوں نے الزام لگایا کہ ترنمول کانگریس کے رہنما ایسے حملے کررہے ہیں۔ مغربی بنگال میں امن وامان ختم ہوگیا ہے۔ ایسی صورتحال میں ہمارا مطالبہ یہ ہے کہ وزیر اعلی ممتا بنرجی امن و امان کو یقینی بنانے کی ذمہ داری لیں۔ کانگریس کے رہنما راہل گاندھی اور بائیں بازو سمیت تمام اپوزیشن جماعتیں بی جے پی پر حملے پر خاموش ہیں ، جو بدقسمتی ہے۔
قابل ذکر ہے کہ مسٹر نڈا کے مغربی بنگال کے دورے کے دوران ، جمعرات کے روز ڈائمنڈ ہاربر پر ان کے اور بی جے پی قائدین کے قافلے کی کاروں پر سنگ باری کی گئی تھی۔ مرکزی حکومت نے اس معاملے میں ریاستی حکومت سے امن و امان کی حالت سے متعلق رپورٹ طلب کی ہے۔