نئی دہلی، 15 دسمبر (یواین آئی) وزیر اعظم نریندر مودی نے ملک کے پہلے نائب وزیر اعظم اور وزیر داخلہ سردار ولبھ بھائی پٹیل کو ان کی برسی پر خراج عقیدت پیش کیا ۔
مسٹر مودی نے منگل کو اپنے ٹویٹ پیغام میں کہا ’’مضبوط اور خوشحال ہندوستان کی بنیاد رکھنے والے مرد آہن سردار ولبھ بھائی پٹیل کو ان کی برسی پرسلام ۔ ان کے دکھائے ہوئےراستے ہمیں ملک کے اتحاد ، سالمیت اور خودمختاری کے تحفظ کے لئےہمیشہ تحریک دیتے رہیں گے ‘‘ ۔
آئرن مین کے نام سے مشہور سردار پٹیل کاجنم 31 اکتوبر 1875 کو نڈیاڈ میں ہوا تھا ۔ 15 دسمبر 1950 کو ممبئی میں دل کا دورہ پڑنے سے ان کا انتقال ہوگیا تھا ۔ سردار پٹیل کی یوم پیدائش کو ملک بھر میں ’ایکتا دیوس‘ کے طور پر منایا جاتا ہے۔