نئی دہلی،15 دسمبر(یواین آئی) عام آدمی پارٹی کے قومی کنوینر اور دہلی کے وزیراعلی اروند کیجریوال نے 2022 میں اترپردیش اسمبلی کے الیکشن میں پارٹی کی سبھی سیٹوں پر الیکشن لڑنے کا منگل کو اعلان کیا مسٹر کیجریوال نے آج پریس کانفرنس میں اترپردیش میں کورونا کے حالات اور دیگر مسئلوں کے سلسلے میں اپنی کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ اگر دہلی میں سہولیات تیار کی جاسکتی ہیں،تو اترپردیش میں ایسا کیوں نہیں ہوسکتا ہے۔مسٹر کیجریوال نے اترپردیش اسمبلی کا الیکشن لڑنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ریاست نے ابھی تک گندی سیاست دیکھی ہے،ایسے میں اب اسے نیا موقع ملنا چاہئے۔
وزیراعلی نے سوال کیا جب دہلی میں محلہ کلینک ،مفت بجلی،مفت پانی مل سکتا ہے تو ملک کی سب سے بڑی ریاست میں اچھی سہولیات کیوں نہیں ہوسکتی ہیں اور وہاں محلہ کلینک ،مفت بجلی ،مفت پانی کیوں نہیں مل سکتا ہے۔
مسٹر کیجریوال نے کہا کہ اترپردیش کے لوگ دارالحکومت میں بڑی تعداد میں رہتے ہیں۔انہوں نے ان سے اپیل کی ہے کہ اترپردیش میں بھی دہلی جیسی سہولیات ملنی چاہئے اور اس کےلئے ریاست کے عوام کو آپ پارٹی کےساتھ جڑنا ہوگا۔
وزیراعلی نے کہا کہ ان کی پارٹی نے مسلسل تیسری بار دہلی میں حکومت بنائی ہے اور کام کرنے دکھایا ہے۔دارالحکومت کے لوگوں کو مفت بجلی،پانی مل رہا ہے،محلہ کلینک سے علاج مل رہا ہے تو ایسا گورکھپور،لکھنؤ اور اترپردیش کے دیگر شہروں میں کیوں نہیں ہوسکتا ہے۔