گونڈا / لکھنؤ 17 دسمبر (یو این آئی ) بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے سابق ممبر پارلیمنٹ ستیہ دیو سنگھ کا یہاں میدانتا اسپتال میں حرکت قلب بند ہونے کے بعد انتقال ہوگیا۔ وہ تقریباً 75 برس کے تھے۔
خاندانی ذرائع نے آج یہاں یہ اطلاع دی۔ انہوں نے بتایا کہ مسٹر سنگھ کچھ عرصہ سے علیل تھے اور انہیں یہاں میدانتا اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔ ان کی بدھ کی رات حرکت قلب بند ہونے سے موت ہوگئی۔ مسٹر سنگھ کو لکھنو کے گومتی نگر میں واقع ان کی رہائش گاہ پر آخری دیدار کے لئے رکھا گیا ہے۔ مسٹر سنگھ کی موت کی خبر موصول ہونے کے بعد ، انہیں دیکھنے کے لئے لوگوں کی بھیڑ لگ گئی۔ان کی آخری رسومات بیکنڈ دھام میں ادا کی جائیں گی۔
مسٹر سنگھ 1977 پہلی مرتبہ گونڈا لوک سبھا حلقہ سے انڈین لوک دل کے ٹکٹ پر منتخب ہوئے تھے۔ اس کے بعد ، انہوں نے 1991 اور 1996 میں بی جے پی کے ٹکٹ پر بلرام پور پارلیمانی نشست سے الیکشن جیت لیا اور لوک سبھا میں پہنچ گئے۔ وہ 1980 سے 1985 تک بھارتیہ جنتا یووا مورچہ کے قومی صدر بھی رہے۔ اس وقت لال بہادر شاستری کالج میں انتظامی کمیٹی کے وائس چیئرمین تھے اور بی جے پی کی مرکزی نظم و ضبط کمیٹی کے ممبر کی حیثیت سے تنظیم کی خدمت کررہے تھے۔
اٹل بہاری واجپائی اور نانا جی دیشمکھ سمیت بڑے رہنماؤں کے بہت قریب سمجھے جانے والے نرم گفتار ستیہ دیو سنگھ کے انتقال سے سیاسی حلقوں میں تمام سیاسی جماعتوں میں شدید رنج کی لہر دوڑ گئی ہے۔ کچھ دن پہلے ان کی اہلیہ محترمہ سروج رانی سنگھ کا انتقال ہوا تھا۔