بارہ بنکی (نامہ نگار)پیس پارٹی، ترنمول کانگریس کے ساتھ مل کر لوک سبھا الیکشن لڑے گی۔۵۰نشستوں پر پیس پارٹی اور ۳۰سیٹوں پر ترنمول کانگریس الیکشن لڑے گی۔ مذکورہ بات پیس پارٹی کی قومی جنرل سکریٹری پروین ایوب ادریسی نے بارہ بنکی لوک سبھا حلقہ سے امیدوار کے اعلان کے موقع پر پریس کانفرنس کے دوران کہی۔پروین ایوب نے کہا کہ انا ہزارے کی حمایت ترنمول کانگریس کو حاصل ہے اس لئے اس بار ہماری نشستیں زیادہ آئیں گی۔ ۱۵مارچ کو ڈومریا گنج میں ایک عوامی
جلسہ کو اناہزارے خطاب کریں گے۔پیس پارٹی سبھی طبقات ،دلت انتہائی پسماندہ اور مسلمان کو ایک ساتھ لیکر چل رہی ہے۔ لوک سبھا امیدوار کے بارے میں بتاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ راجیش ودیارتھی امیدوار ہیں جو ہائی کورٹ کے وکیل اور پیس پارٹی کے قومی ترجمان ہیں۔طالب علمی کے زمانے سے ہی ان کو سیاست کا شوق تھا اور وہ لکھنؤ یونیورسٹی طلباء یونین میں جونیئر لائبریرئین رہ چکے ہیں۔ اسمبلی انتخابات میں مسلمانوں نے سماجوادی پارٹی کو ووٹ دیا اور اس کی حکومت میں غنڈہ گردی، فسادات، لوٹ مار،قتل اور دیگر جرائم عام ہیں۔اب مسلمان سماجوادی پارٹی سے اوب چکے ہیں اس لئے ایس پی کا مسلم ووٹ پیس پارٹی کو ملے گا۔ پیس پارٹی اس بار سماجی مسائل پر لوک سبھا الیکشن لڑے گی۔ اس موقع پر امیدوار راجیش ودیارتھی،ضلع صدر مسعود ریاض، میڈیا انچارج پرویز قدوائی، فرحان وارثی وغیرہ موجود تھے۔