نئی دہلی،21 دسمبر ( یواین آئی) زرعی اصلاحات کے قوانین کے خلاف احتجاج کرنے والی کسان تنظیموں نے پیر کے روز قومی دارالحکومت کی سرحد کے قریب سلسلہ وار بھوک ہڑتال شروع کردی ہے۔
کسان تنظیموں کے 11 نمائندوں نے سندھو بارڈر پر انشن (بھوک ہڑتال) شروع کیا ہے جو سلسلہ وار طریقے سے جاری رہے گا۔ روزانہ الگ الگ کسان قائدین اس انشن میں حصہ لیں گے۔ خیال رہے کسانوں کی تحریک کا آج 26 واں دن ہے۔
دریں اثنا حکومت نے کسان تنظیموں کو ایک بار پھر بات چیت کی پشیکش کی ہے اور ان سے مسائل اور وقت کی وضاحت کرنے کی درخواست کی ہے۔
وزارت زراعت کی طرف سے 40 کسان تنظیموں کو بھیجے گئے ایک خط میں اس تحریک اور پانچ دور کے مذاکرات پر تفصیل سے تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔ حکومت نے کسان تنظیموں کو زرعی قوانین میں ترمیم کرنے کی پیش کی ہے اس کا بھی ذکر کیا گیا ہے۔