کابل: افغانستان کا دارالحکومت 3 مختلف مقامات پر ہونے والے یکے بعد دیگرے 4 دھماکوں سے گونج اُٹھا جس کے نتیجے میں 2 سیکیورٹی اہلکار سمیت 16 افراد جاں بحق ہوئے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق افغانستان کا دارالحکومت ایک بار پھر دھماکوں سے لرز اُٹھا، رواں ماہ یہ چوتھا موقع ہے جب کابل شہر میں یکے بعد دیگرے کئی دھماکے ایک ہی وقت میں ہوئے ہوں۔
پہلا دھماکا مقناطیسی بارودی سرنگ کا تھا جس میں کوئی ہلاکت نہیں ہوئی، دوسرا دھماکا بھی اسی نوعیت کا تھا اور اس کا ہدف وی آئی پی پروٹیکشن یونٹ کے ایک سینیئر حکام کا قافلہ تھا جس میں دو اہلکار زخمی ہوئے۔
تیسرا دھماکے میں دہ سبز میں شاہراہ کے کنارے نصب بم اس وقت پھٹ گیا جب وہاں سے پولیس قافلہ گزر رہا تھا۔ دھماکے میں 3 اہلکار زخمی ہوئے جب کہ چوتھے دھماکے میں بھی پولیس گاڑی کو نشانہ بنایا گیا جس میں دو اہلکار مارے گئے۔واضح رہے کہ دوحہ میں طالبان اور کابل حکومت کے نمائندوں کے درمیان جاری مذاکرات تاحال کسی نتیجے پر نہیں پہنچ سکے ہیں جب کہ دارالحکومت میں پُرتشدد کارروائیوں میں اضافہ ہوا ہے۔
آوا خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق افغانستان کی انسانی حقوق کمیشن کا کہنا ہے کہ کاپیسا، قندھار، کابل اور خوست میں ہونے والے دھماکوں اور حملوں میں 9 افراد جاں بحق اور 17 زخمی ہوئے۔ تاہم افغانستان کا دارالحکومت کابل 3 مختلف مقامات پر ہونے والے یکے بعد دیگرے 4 دھماکوں سے گونج اُٹھا جس کے نتیجے میں 2 سیکیورٹی اہلکار ہلاک اور 6 زخمی ہوگئے۔ رواں ماہ یہ چوتھا موقع ہے جب ایک ہی وقت میں کابل شہر میں یکے بعد دیگرے کئی دھماکے ہوئے۔