میرپور۔ ملنگا نے پاکستان کے خلاف مسلسل دوسرے میچ میں پانچ وکٹ لیتے ہوئے اپنی ٹیم کو ایشین کرکٹ کی نئی سپر پاور بنا دیا۔ انہیں مین آف دی میچ ایوارڈ دیا گیا۔ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کے فائنل میں سری لنکن ٹائیگرز نے پاکستانی شاہینوں کو 5 وکٹوں سے زیر کرتے ہوئے ایشیائی کرکٹ میں حکمرانی کا تاج سر پر سجالیا۔پاکستانی فیلڈروں نے خراب فیلڈنگ کرتے ہوئے تین کیچ ڈراپ کئے۔غیر معیاری فیلڈنگ اور خراب بولنگ نے پاکستان کی جیت کی امیدوں کو ختم کردیا۔سری لنکا کی ٹیم ٹورنامنٹ میں پانچوں میچ جیت کر ناقابل شکست رہی جبکہ پاکستان کو دونوں میچوں میں سری لنکا نے ہرایا۔فائنل میں ملنگا کے ابتدائی تین اوورز شر جیل خان،احمد شہزاد اور محمد حفیظ کے آوٹ ہونے کے بعد پاکستانی بیٹنگ سنبھلی لیکن اس کی جانب سے بننے والے260رن 22گیندیں پہلے بن گئے۔پاکستان اپنے ٹائیٹل کا کامیاب دفاع نہ کرسکا۔ سری لنکا یہ ٹائٹل پانچویں بار جیتنے میں کامیاب ہوا ہے جس میں وہ دو مرتبہ پاکستان کو شکست دے چکا ہے۔سری لنکا نے 261رن کا ہدف46.2اوورز میں حاصل کرلیا۔پاکستان مجموعی طور پر چوتھی مرتبہ ایشیا کپ کے فائنل میں پہنچا۔ اس سے قبل پچھلے تین فائنلز میں سے دو میں کامیاب ہوکر ایشیا کپ جیت چکا ہے۔2000 میں سری لنکا کو اور 2012میں بنگلادیش کو شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کرچکا ہے۔ جبکہ 1986 اور اب2014میں فائنل میں سری لنکا سے شکست کھائی۔فواد عالم کی سنچری بھی پاکستانی ٹیم کے کام نہ آسکی۔پاکستان کی جانب سے عمر اکمل،شر جیل خان اور حفیظ نے کیچ ڈراپ کئے۔تھری مانے نے دنیا کے مضبوط ترین بولنگ اٹیک کے خلاف108گیندوں پر101رن بناکر اپنی ٹیم کو فتح کے قریب کردیا۔بنگلہ دیش کے شہر میر پور کے شیر بنگلہ نیشنل اسٹیڈیم میں سری لنکا نے 261 رن کا ہدف 47 ویں اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا، سری لنکن بلے بازوں نے گراؤنڈ کے چاروں جانب شاندار اسٹروکس کھیلے اور پاکستانی بولروں کی ایک نہ چلنے دی جبکہ فیلڈرز نے بھی بلے بازوں کا خوب ساتھ دیا اور سری لنکن کھلاڑیوں کے رن بنانے میں کسی طرح کی مزاحمت نہ کی، 56 کے مجموعی اسکور پر سعید اجمل نے 2 گیندوں پر 2 وکٹیں لے کر چند لمحوں کے لئے میچ میں پاکستان کی پوزیشن مستحکم کردی لیکن لاہیرو تھریمانے اور ماہیلا جے وردھنے نے بہترین بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بغیر کسی دباؤ کے ٹیم کے اسکور کو 212 رن تک پہنچایا تاہم پھر جے وردھنے 75 رن کی شاندار اننگ کھیل کر کیچ آؤٹ ہوگئے۔
مہیلا جے وردھنے کے آؤٹ ہونے کے بعد پریاننجن کریز پر آئے تاہم وہ کچھ خاص کارکردگی نہ دکھا سکے اور 13 رن بنا کر پویلین لوٹ گئے جبکہ سری لنکا کی پانچویں وکٹ لاہیرو تھریمانے کی گری جو 101 رن کی ناقابل شکست اننگ کھیل کر آؤٹ ہوئے جس کے بعد کپتان اینجلو میتھیوز اور چتورانگا ڈی نے ٹیم کا بیڑہ پار کرایا اور اور اپنی ٹیم کو ایشیائی کرکٹ کا دوبارہ حکمران بنادیا۔ پاکستان کے سعید اجمل نے 3 جبکہ جنید خان اور محمد طلحہ نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ایشیا کپ کے فائنل میں پاکستان نے فواد عالم کی شاندار سنچری اور عمر اکمل کی جارحانہ نصف سنچری کی بدولت سری لنکا کو جیت کے لئے 261 رن کا ہدف دیا ہے۔فواد عالم ایک روزہ کرکٹ میں اپنی پہلی سنچری مکمل کرنے کے بعد آٹھ چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 113 رن بنا کر ناقابل شکست رہے۔عمر اکمل نے 42 گیندوں پر 59 رن کی اننگ کھیلی جس میں سات چوکے شامل تھے۔ وہ لستھ ملنگا کی پانچویں وکٹ بنے۔ان دونوں بیٹسمینوںنے جارحانہ انداز میں کھیلتے ہوئے پانچویں وکٹ کے لیے 68 گیندوں پر 115 رن کی شراکت قائم کی۔بنگلہ دیش کے شہر میر پور کے شیر بنگلہ نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے میچ میں پاکستان کے کپتان مصباح الحق نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو پہلی وکٹ پہلے ہی اوور میں گرگئی جب شرجیل خان 8 رن بنا کر آؤٹ ہو گئے، پاکستان کو دوسرا نقصان 17 کے مجموعی اسکور پر ہوا جب احمد شہزاد 5 رن بنا کر آؤٹ ہو گئے، محمد حفیظ بھی 3 رن بنا کر ملنگا کی گیند پر سنگا کارا کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔پاکستانی بلے باز لستھ ملنگا کی تیز بولنگ کے سامنے نہ ٹھہر سکے اور صرف 18 کے مجموعی ا سکور پر پاکستان کی تین وکٹیں گر گئیں۔ پاکستان کے آؤٹ ہونے والے بیٹسمین میں سب سے پہلے شرجیل خان تھے۔ انھوں نے اننگ کے پہلے ہی اوور میں لستھ ملنگا کو دو
چوکے تو مارے مگر اسی اوور کی آخری گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے گزشتہ میچ میں سنچری بنانے والے احمد شہزاد پانچ رن بنا سکے اور ملنگا کے اگلے اوور میں سنگاکارا کو کیچ دے بیٹھے۔ان فارم محمد حفیظ بھی صرف تین رن بنا سکے ملنگا کی تیسری وکٹ بنے۔ اس کے بعد چوتھی وکٹ کے لئے مصباح الحق اور
فواد عالم کے درمیان 122 رن کی شراکت ہوئی۔مصباح الحق 65 رن بنا کر آؤٹ ہوئے جس کے بعد فواد عالم اور عمر اکمل کے درمیان 115 رن کی پارٹنر شپ ہوئی اور عمر اکمل 41 گیندوں پر 7 چوکوں کی مدد سے جارحانہ 59 رن بنا کر آؤٹ ہوئے جب کہ فواد عالم نے 115 رن بنائے اور ناقابل شکست رہے۔سری لنکا کی جانب سے پانچوں وکٹیں لاستھ ملنگا نے حاصل کیں۔انہوں نے56رن دیئے۔ان کے علاوہ کوئی اور بولر وکٹ حاصل نہ کر سکا۔