بارہ بنکی (نامہ نگار)ریاست میں بی ایس پی کی حکومت میں ضلع میں ترقی کی لہر چل رہی ہے اس بات کا دعویٰ بی ایس پی کے امیدوار وسابق رکن پارلیمنٹ کملا پرساد راوت نے سترکھ میںجلسہ کو خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ بی ایس پی کے دورحکومت میں فرقہ پرست طاقتوں کو سراٹھانے کا بھی موقع نہیں ملاتھا۔ صحت خدمات کو بہتر بنانے کے لئے اسپتالوں کی جدیدکاری کی گئی جس کے تحت ضلع اسپتال کی پرانی عمارت کو منہدم کرکے نئی عمارت تعمیر کی گئی۔ گاؤں میں آرسی سی روڈ تعمیر کی گئی۔ غریبوں کو بغیر امتیاز کے ان کی لڑکی کے لئے ایک لاکھ روپئے کا بیمہ ، تعلیم کے لئے ہائی اسکول پاس لڑکی کو بیس ہزار روپئے اور ایک سائیکل، انٹر پاس لڑکی کو دس ہزار روپئے دینے، ریاست میں بے روزگاری دور کرنے کے لئے بیک لاگ کی صفائی ملازمین کے لئے نئے عہدوں پر تقرریاں کی گئیں۔ انہوں نے کہاکہ ۱۰۸نمبر ایمولنس خدمات بہوجن سماج پارٹی کی دین ہے لیکن اکھلیش حکومت نے
سماجوادی خدمات لکھ کرریاست کے لوگوں کو گمراہ کرنے کی کوشش کی ہے۔ مسٹر راوت نے دعویٰ کیا کہ اس کے نتائج سماجوادی پارٹی کو پارلیمانی انتخابات میں بھگتنے پڑیں گے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ رکن اسمبلی کی منشاء بھی صاف ہوچکی ہے۔ وہ سیاست کے ماہر کھلاڑی نہیں ہیں اور اہم سرکاری عہدوں پر فائز رہ چکے ہیں۔لیکن اب حالات تبدیل ہوگئے ہیں۔موجودہ رکن پارلیمنٹ نے ضلع کے لوگوں کو افیم کا لائسنس، چائے کی کھیتی کرانے،بارہ بنکی سے فتح پور ریلوے لائن، گھاگھر امیں باندھ تعمیرکرانے اور بارہ بنکی کی بجلی کو رائے بریلی سے وابستہ کرنے کا وعدہ کیا تھا لیکن انہوں نے ابھی تک ایک بھی وعدہ پورا نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ پل تعمیر کے سلسلہ میں بھی حکومت اور رکن پارلیمنٹ عوام کو دھوکہ دے رہے ہیں۔اس موقع پر رام آسرے راوت، بی ڈی سی،پردھان راجندر کمار راوت،تلسی داس ، محمد اسلم، زہیر علی، محمد انیس، محمد یونس انصاری، شیش کمار ورما،پردھان رام سرن ورماکے علاوہ راجندر سنگھ ورما، رام بلاس اور رام نارائن وشو کرما وغیرہ موجود تھے۔