عراق کی پارلیمنٹ میں الفتح الائنس کے سربراہ نے عراق کی عوامی رضاکار فورس کے جوانوں کی جد و جہد اور جانفشانیوں کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے صوبے صلاح الدین میں تکفیری دہشت گردوں کا ڈٹ کر مقابلہ کر کے عظیم کارنامہ انجام دیا ہے۔
ہادی العامری نے کہا ہے کہ تکفیری دہشت گردوں نے عراق میں پھر سر اٹھانے کی کوشش کی ہے اور عراق کے ایک علاقے کو جارحیت کا نشانہ بنایا ہے۔
بغداد الیوم کی رپورٹ کے مطابق داعش دہشتگرد گروہ کے حملے میں عوامی رضاکار فورس الحشد الشعبی کے دس جوانوں کی شہادت پر رد عمل دکھاتے ہوئے انہوں نے یہ بات کہی۔ العامری کا کہنا تھا کہ نامناسب حالات اور دہشت گردوں کی جارحیت کے باوجود عراق کی عوامی رضاکار فورس کے جوانوں نے انہیں صلاح الدین کے علاقوں میں داخل ہونے سے روک دیا اور ان دہشت گردوں کو سخت ہزیمت اٹھانا پڑی ہے۔
عراق میں داعش دہشت گرد گروہ کی شکست کے باوجود اس گروہ کے کچھ عناصر عراق کے مختلف علاقوں میں روپوش ہیں جو کبھی بھی دہشت گردانہ حملے یا بم دھماکے کر کے عراقی عوام میں خوف و ہراس پیدا کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔