واشنگٹن / ریو ڈی جنیرو / نئی دہلی ، 28 جنوری ( یواین آئی) جان لیوا اور مہلک ترین عالمی وبا کورونا وائرس ’کووڈ19‘ کی وجہ سے اب تک دنیا بھر میں 21.7 لاکھ سے زائد مریض ہلاک ہوچکے ہیں ، اور 10.07 کروڑ سے زیادہ افراد موذی وبا سے متاثر ہوئے ہیں۔
امریکہ کی جان ہاپکنز یونیورسٹی کے سینٹر فار سائنس اینڈ انجینئرنگ (سی ایس ایس ای) کے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق دنیا کے 192 ممالک میں کورونا وائرس کے متاثرین کی تعداد 10 کروڑ 55 لاکھ 075 اور 21 لاکھ 70 ہزار سے زیادہ مریضوں کی موت ہوچکی ہے۔
مہلک ترین وبا سے سب سے زیادہ ریاستہائے متحدہ امریکہ متاثر ہوا ہے جہاں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد بڑھ کر تقریبا 2 کروڑ 56 لاکھ سے زائد ہوگئی ہے جبکہ اب تک 4.29 لاکھ سے زیادہ مریضوں کی موت ہوچکی ہے۔ ہندوستان میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد ایک کروڑ چھ لاکھ 89 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔ اس وبا سے شفایابی حاصل کرنے والوں کی تعداد ایک کروڑ تین لاکھ 59 ہزار سے تجاوز کرچکی ہے اور ہلاک ہونے والوں کی تعداد 1،53،724 ہوگئی ہے۔