لکھنؤ(نامہ نگار)تہواروں کے موقع پر ٹرینوں میں بھی چوروں کی بن آئی ہے۔ مختلف گاڑیوںمیں بھی ان سرگرم چوروں نے ہزاروں روپئے نقد اور زیورات چوری کئے ہیں۔ جس کی اطلاع مسافروںنے چارباغ ریلوے اسٹیشن پر جی آر پی تھانے میں بھی دی ۔ہریانہ کے یمنا نگر ضلع کے رہنے والے ونے شرما چنڈی گڑھ سے لکھنؤ ایئر کنڈیشن کوچ کی ۱۵نمبر سیٹ پر سفر کررہے تھے۔سفر کے دوران مرادآباد کے نزدیک ان کا پرس اور موبائل فون چوری ہوگیا ۔ لکھنؤ پہنچ کرانہوں نے چارباغ کے جی آر پی تھانے میں رپورٹ درج کرائی۔ پولیس نے بتا یا کہ ان کے پر س میں
۱۲۰۰ روپئے اور دیگر سامان تھا۔ اسی طرح لکھنؤ میں کرسی روڈ پر واقع گڑمبا حلقے کے رہنے والی منجو گپتا جبل پور سے لکھنؤ آنے کیلئے چترکوٹ ایکسپریس ایس کوچ کی۴۰نمبر برتھ پر سفر کررہی تھیں۔ کانپو رکے نزدیک ان کا سوٹ کیس کسی نے چرالیا ۔پولیس نے بتایا کہ ان کے سوٹ کیس میں سونے کی انگوٹھی ۳۰ہزار روپئے نقد اور کپڑے شامل تھے۔ لکھنؤ کے ہی گڑمبا حلقہ کے رہنے والے سرودیال سینی ۲۶فروری کو لکھنؤ میل سے دہلی جارہے تھے۔ ٹرین کے نئی دہلی پہنچنے کے بعد انہوں نے دیکھا کہ ان کے بیگ سے آئی پیڈ ۱۰ہزار روپئے نقد اور دیگر سامان کسی نے چوری کرلیا ۔ جموں میں تعینات فوجی سیروا سنگٹم اودھ آسام کے اس نو کوچ میں چار نمبر برتھ پر سفر کرہے تھے۔ نیو جل پائی گوڑی سے ایک شخص ٹرین پر آیااور ان کے پاس بیٹھ گیا۔ اس نے اپنے کو فوجی بتایا اور بات ہی بات میں دوستی کرلی۔ سفر کے دوران اس نے کچھ کھانے کو دیا جسے کھا کر وہ بے ہوش ہوگئے۔ جب انہیں ہوش آیا تو انہوں نے اپنے کو لکھنؤ کے ایک اسپتال میں پایا ۔ انہوں نے جی آر پی تھانے جا کر اس معاملے کی اطلاع پولیس کو دی۔ پولیس نے بتایا کہ دوہزار روپئے نقد کپڑے اور دیگر سامان چوری ہوا تھا۔