ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے جوہری معاہدے میں واپسی پر شرط رکھتے ہوئے کہا کہ یہ حتمی فیصلہ ہے کہ معاہدے کی بحالی کے لیے امریکا پابندیاں ختم کرے۔
خبرایجنسی رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق آیت اللہ خامنہ ای نے کہا کہ’تہران کا فیصلہ حتمی اور ناقابل واپسی ہے کہ 2015 کے جوہری معاہدے میں واپسی اس صورت ممکن ہے جب امریکا پابندیاں ہٹا دے’۔

انہوں نے کہا کہ ‘ایران نے معاہدے میں شامل تمام شرائط کی پورے کیے ہیں لیکن امریکا اوریورپی ممالک نے ایسا نہیں کیا’۔
ایرانی فضائیہ کے کمانڈرز کے اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ‘اگر وہ چاہتے ہیں کہ ایران معاہدے پر واپس آئے تو امریکا کو عملی طور پر تمام پابندیاں ختم کرنی ہوں گی’۔
ان کا کہنا تھا کہ ‘اس کے بعد جب تمام پابندیوں کے درست طور پر خاتمے کی تصدیق ہوگی تو پھر ہم تمام وعدوں پر واپس آئیں گے، یہ فیصلہ حتمی اور ناقابل واپسی ہے اور اس پر ایران کے تمام عہدیداروں کا اتفاق ہے’۔









