کانپور (نامہ نگار)گولٹولی تھانہ علاقہ میں کل دیر رات لوٹ کے ارادہ کرنے والے دو نوجوان گشت کے دوران پولیس کو دیکھ کر بھاگنے لگے۔ پولیس نے دونوں کا پیچھا کرتے ہوئے انہیںگرفتار کرلیا۔ پوچھ گچھ کے دوران گرفتار ملزمین نے لٹیرے ہونے کا انکشاف کیا۔ پولیس نے تلاشی کے دوران ملزمین کے قبضہ سے دو طمنچہ اور کارتوس برآمد کئے۔ خبر کے مطابق گوالٹولی کے سب انسپکٹر ایس کے موریہ کل دیر رات پولیس ٹیم کے علاقہ میں گشت کررہے تھے اسی دوران پولیس ٹیم نے دونوجوانوں کو مشتبہ حالات میں کھڑے ہوئے دیکھا۔ پولیس نے جب انہیں رکنے کے لئے کہا تو وہ دیوار کے پیچھے چھپ گئے۔ پولیس کو قریب آتا ہوادیکھ دونوں نوجوان بھاگنے لگے لیکن پولیس نے پیچھا کرتے ہوئے دونوں کو گرفتار کرلیا۔ جامہ تلاشی کے دوران پولیس نے نوجوانوں کے قبضہ سے ۳۱۵بور کا ایک طمنچہ اور ۱۲بور کے طمنچہ کے ساتھ کارتوس بھی برآمد کئے۔ ملزمین نے اندھیرے میں گاڑیوں کو لوٹنے کا جرم قبول کرلیا ہے۔ پولیس نے مقدمہ درج کرنے کے بعد دونوں نوجوانوں کو جیل بھیج دیا۔