الہٰ آباد (ایس این بی) شبلی نیشنل پی جی کالج، اعظم گڑھ کے شعبہ فلاسفی کے سابق سربراہ میجر محمد ظفر الحسن (میجر ایم زیڈ حسن) ابن علی عباس مرحوم نے گزشتہ شب یہاں اپنی قیام گاہ واقع جی ٹی بی نگر، کریلی کالونی میں تقریباً 92 برس کی عمر میں داعی اجل کو لبیک کہا۔ چکیہ میں واقع کربلا قبرستان میں کثیر تعداد میں عزیز و اقارب اور سوگواروں کی موجودگی میں آج سہ پہر میں تدفین عمل میں آئی۔
مولانا سید جواد حیدر جوادی نے نماز جنازہ پڑھائی۔ مرحوم کے پسماندگان میں بیوہ کے علاوہ دو بیٹوں اور دو بیٹیوں سمیت بھرا پُرا کنبہ شامل ہے۔ مرحوم کے بڑے بیٹے محمد انوار حسن نے بتایا کہ برائے ایصال ثواب مجلس سوئم کل بروز منگل 16 فروری کو صبح 9 بجے مکان مسکونہ واقع ڈی895- کریلی کالونی میں ہوگی، جسے مولانا سید جواد حیدر جوادی خطاب کریں گے۔
میجر ایم زیڈ حسن ایک قابل اور مشفق استاد ہونے کے ساتھ ہی ایک وجیہ اور شاندار شخصیت کے مالک تھے۔ وہ انتہائی نیک، با اصول اور شریف النفس انسان تھے۔ وضع داری، انسان دوستی اور غرباء پروری کی خصوصیات کے سبب وہ عوام اور خواص دونوں میں مقبول رہے۔ میجر حسن نے الہٰ آباد یونیورسٹی سے اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کے بعد درس و تدریس کا پیشہ اختیار کیا اور الہٰ آباد یونیورسٹی کے ہی شعبہ فلاسفی میں لیکچرر کی حیثیت سے خدمات انجام دیتے رہے۔
انہوں نے اسلامک فلاسفی پر تحقیقی مقالہ بھی مکمل کیا۔ بعد میں شبلی نیشنل پی جی کالج اعظم گڑھ میں فلسفے کے استاد مقرر ہوئے اور صدر شعبہ کی حیثیت سے خدمات انجام دیتے رہے۔ اسی دوران انہوں نے شارٹ ٹرم سروس کے تحت فوج میں بھی خدمات انجام دیں۔ فوج سے سبکدوشی کے بعد پھر شبلی کالج آ گئے۔ شبلی کالج سے سبکدوش ہونے کے بعد چلڈرن کالج اعظم گڑھ میں اندرا گاندھی اوپن یونیورسٹی (اگنو) سنٹر کے کوآرڈنیٹر بھی رہے۔
اعظم گڑھ چھوڑنے کے بعد مستقل الہٰ آباد میں رہ کر سماجی خدمات انجام دیتے رہے۔ یہاں وہ یادگار حسینی انٹر کالج انتظامیہ کمیٹی سے نائب صدر کی حیثیت سے طویل عرصہ تک وابستہ رہے۔ آل انڈیا انجمن وظیفہ سادات و مومنین سے بھی جڑے رہے۔ ملک و بیرون ملک میں پھیلے ہوئے ان کے پڑھائے ہوئے طلباء اپنے قابل، با اصول اور مشفق استاد کو کبھی فراموش نہیں کر سکیں گے۔