حیدرآباد 20فروری(یواین آئی) حال ہی میں قائم شدہ نیواسپیس انڈیا لمیٹیڈ (این ایس آئی ایل)کے پہلے تجارتی مشن میں اسروبرازیل کے امیزون 1 اور دیگر 20 سٹلائیٹس کو اے پی کے سری ہری کوٹہ سے 28 فروری کو چھوڑے گا۔اسرو نے ہفتہ کو کہا کہ خلائی ایجنسی کی خلائی گاڑی پی ایس ایل وی۔سی 51 کا استعمال کرتے ہوئے سٹلائیٹس 28 فروری کو 10.23 بجے چھوڑے جائیں گے۔اسرو نے اس خصوص میں کئے گئے ٹوئیٹ میں کہا”پی ایس ایل وی سی 51 ،این ایس آئی ایل کا پہلا تجارتی مشن ہوگا۔
امیزون۔1 اس مشن کا ابتدائی سٹلائیٹ ہوگاجو برازیل کا پہلا سٹلائیٹ مشن ہوگا۔یہ ہندوستان سے چھوڑاجائے گا۔“امیزون 1 ،نیشنل انسٹی ٹیوٹ فار اسپیس ریسرچ (آئی این پی ای) کا پہلا زمین کا مشاہداتی سٹلائیٹ ہوگا۔اس سٹلائیٹ کے ذریعہ امیزون علاقہ میں جنگلات کی کٹائی کی نگرانی کے لئے استعمال کنندوں کو ریموٹ سنسنگ ڈاٹا فراہم کرتے ہوئے موجودہ ڈھانچہ کو مزید مستحکم کرنے میں مدد ملے گی اور بزازیل کے خطہ میں متنوع زراعت کا تجزیہ کرنے میں بھی تعاون حاصل ہوگا۔20 سٹلائیٹس میں اسرو کے آئی این ایس۔2ٹی ڈی،آئی این۔اسپیس کے چار اور ایک ستیش دھون ایس اے ٹی اور این ایس آئی ایل کے 15 سٹلائیٹ شامل ہیں۔پی ایس ایل وی۔سی 51،پی ایس ایل وی کا 53واں مشن ہے۔پی ایس ایل وی۔سی/51 امیزون 1،محکمہ خلا کے تحت حکومت ہند کی کمپنی این ایس آئی ایل کا پہلا مشن ہے۔سال 2021میں اسرو کا یہ پہلا مشن اورایس ڈی ایس سی شار سے 78 واں خلائی مشن ہے۔