عراق میں استقامتی محاذ نجباء کے ترجمان نصر الشمری نے المیادین سے گفتگو میں عراق اور شام کے سرحدی علاقے پر استقامتی محاذ کے ٹھکانے پر امریکہ کے حملے کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ عراق کی حکومت کے ساتھ امریکی اہداف پر حملے نہ کرنے والے استقامتی محاذ کے تمام معاہلدے ختم ہو گئے ہیں اور اس کے بعد سے استقامتی محاذ اپنا فیصلہ خود کرنے کا حق محفوظ رکھتا ہے۔
عراق کے استقامتی محاذ نجباء کا کہنا ہے کہ عراق میں امریکی اہداف کو نشانہ بنانا ہمارا حق ہے۔
نصر الشمری نے کہا کہ استقامتی محاذ نے اس کے باوجود کہ عراق میں امریکہ کا سفارتخانہ جاسوسی کا اڈہ ہے اسے نشانہ نہ بنانے کو قبول کیا تھا۔
نجباء کے ترجمان نے عراق کی حکومت کی جانب سے امریکی حملے پر رد عمل ظاہر نہ کرنے پر کڑی نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا کہ اگر عراق کی حکومت نے ان عناصر کے خلاف جنہوں نے حشد الشعبی کے بارے میں امریکہ کو اطلاعات فراہم کیں کارروائی نہ کی تو ہم خود اقدام کریں گے۔
واضح رہے کہ جمعہ کے روز دہشتگرد امریکہ کے جنگی طیاروں نے عراق اور شام کے سرحدی علاقے البوکمال اور القائم میں ایک گھر اور ایک اور مقام پر بمباری کی جس کے نتیجے میں حشد الشعبی کا ایک جوان شہید اور 4 زخمی ہوئے۔