کانپور (نامہ نگار)چکیری تھانہ علاقہ میں ریلوے لائن سے نوجوان کی لاش ملنے سے سنسنی پھیل گئی۔ اطلاع ملنے کے بعد پولیس نے نوجوان کے جسم کے تین حصوں کو سیل کرتے ہوئے اسے پوسٹ مارٹم کے لئے بھیج دیا ۔ متوفی کی شناخت نہ ہونے کے سبب اس واردات کو مشتبہ مان رہی ہے۔ موصولہ خبر کے مطابق چکیری کی سنگواں کانپور -الہ آباد ریلوے لائن پر منگل کی صبح پچیس سالہ نوجوان کی لاش تین حصوں میں کٹی ہوئی ملی ۔ لاش کی اطلاع ملنے کے بعد پولیس نے نوجوان کی شناخت کرانے کی کوشش کی لیکن کامیابی نہیں ملی۔ تھانہ انچارج نے بتایا کہ متوفی سفید بنیان ،نیلا انڈرویئر پہنے ہوئے ہے۔ انہوں نے بتایا کہ نوجوان کا سر جسم سے الگ تھا اور ہاتھ پیر بھی کٹے ہوئے ہیں معاملہ مشتبہ ہے۔ لاش کی پوسٹ مارٹم رپورٹ ملنے کے بعد جانچ کی جائے گی۔