نئی دہلی،7 مارچ ( یواین آئی) وزیر اعظم نریندر مودی نے اتوار کے روز کہا کہ حکومت سبھی کیلئے سستا اور قابل رسائی علاج کی فراہمی کو مدنظر رکھتے ہوئے پالیسیاں اور پروگرام تشکیل دے رہی ہے۔
مسٹر مودی نے ’جن اوشدھی دوس‘ کے موقع پر ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لوگوں کو حفظان صحت پر دھیان دینا چاہئے اور بیماریوں سے بچنے کے لئے اچھی غذا اور یوگا کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے محکمہ صحت کے بجٹ میں اضافہ کیا ہے اورہر ضلع میں میڈیکل کالج کھولے جارہے ہیں۔ ایم بی بی ایس کی 30 ہزار سیٹوں اور پی جی کی 24 ہزار نشستوں میں اضافہ کیا گیا ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ ملک بھر میں ڈیڑھ لاکھ ’ہیلتھ اینڈ ویل نیس‘ مراکز کھولے جارہے ہیں تاکہ لوگوں کو اپنے گاؤں کے قریب صحت کی سہولیات میسر ہوسکے۔ ان مراکز پر مناسب تعداد میں ملازمین کی تقرری کی جارہی ہے۔