ممبئی: بالی ووڈ اداکارہ سوہا علی خان 1984ء میں سکھوں کے خلاف ہونے والے آپریشن پر بنائی جانے والی فلم میں جلوہ گر ہوں گی۔فلم کی ہدایات نیشنل ایوارڈ یافتہ ہدایتکار شیو جی پٹیل دیں گے۔ ایک تقریب کے دوران گفتگو کرتے ہوئے اداکارہ کا کہنا تھا کہ فلم کی عکس بندی شروع ہونے کا شدت سے انتظار کر رہی ہوں۔ اطلاعات کے مطابق اس فلم میں ویرداس ان کے ہیرو ہوں گے اور وہ ایک سکھ کا کردار ادا کریں گے جب کہ سوہا علی خان فلم میں ان کی محبوبہ کا کردار ادا کریں گی۔ سوہا علی خان کا کہنا تھا کہ بھارتی سیاست کے ایک انتہائی متنازعہ واقعہ پر بنائی جانے والی فلم میں میرا کردار دو بچوں کی ماں کا ہے جو ایک اداکارہ کی حیثیت سے میرے لیے کسی ب
ڑے چیلنج سے کم نہیں ہے اور میں اسے بہتر طریقے سے ادا کرنے کے لیے اپنی پوری توانائی صرف کروں گی۔ ذرائع کے مطابق فلم ساز نے ویرداس کو فلم کی عکس بندی شروع ہونے سے قبل وزن کم کرنے کی ہدایت کر دی ہے جس کے لیے وہ ان دنوں سخت قسم کی ورزش کر رہے ہیں۔ دوسری طرف سوہا علی خان کی فلم ’’چار فٹیہ چھوکری‘‘ کی شوٹنگ ان دنوں جاری ہے۔ وبھے دتہ کھوسلہ کی پروڈکشن میں بنائی جانے والی اس فلم کی ہدایات منیش ہری شنکر دے رہے ہیں۔بچوں کی اسمگلنگ پر بنائی جانے والی فلم میں اداکارہ کے ساتھ ذاکر حسین مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں۔ دیگر کاسٹ میں ہرش مائیر، سیما بسواس، مکیش تیواری، سہاس سرسات، لیکھ ٹنڈن اور امیش جگتاپ شامل ہیں۔ فلم کا میوزک موسیقار ابھیجیت اور سمیر ترتیب دے رہے ہیں اور اسے رواں برس ہی سینما گھروں کی زینت بنایا جائے گا۔ ایک انٹرویو کے دوران اپنی اس فلم کے متعلق گفتگو کرتے ہوئے سوہا علی خان کا کہنا تھا کہ منیش ہریشنکر کی ہدایات میں بنائی جانیوالی فلم میں ایسی لڑکی کا کردار ادا کررہی ہوں جو اسکول جاتے ہوئے اغوا کرلی جاتی ہے اور پھر اسے آگے فروخت کردیا جاتا ہے۔اداکارہ کا کہنا تھا کہ بھارت ہی نہیں دنیا بھر میں ایسے واقعات عام ہیں جن میں چھوٹے بچوں کو اغوا کرنے کے بعد فروخت کردیا جاتاہے اور ان کے خریدار ان سے بھیک منگوانے کے علاوہ چوری چکاری اور دوسرے برے کام بھی کرواتے ہیں اداکارہ کا کہنا تھا کہ یہ فلم کمرشل ہونے کے ساتھ ساتھ سبق اموز بھی ہوگی اور میں اس فلم سے بہت زیادہ پرامید ہوں دوسری طرف بھارتی میڈیا کے مطابق گزشتہ دنوں فلم کی شوٹنگ کے دوران 13سالہ لڑکا منیش ہری شنکر سیٹ سے کھانے پینے کی اشیا چوری کرتے ہوئے پکڑا گیا اطلاعات کے مطابق اس کا خاندان درختوں پر قائم چھتوں سے شہد حاصل کرکے قریبی علاقوں میں فروخت کرکے گزربسر کرتے ہیں فلم کے ہدایتکار اس لڑکے کو پکڑ کر اپنے عارضی دفتر میں لے گئے جہاں اس سے پوچھ گچھ کرنے کے بعد اسے فلم میں مرکزی کردارکے لیے سائن کرلیا گیا ہے اور ان دنوں اس کی تربیت بھی جاری ہے منیش کا کہنا ہے کہ اس کی خواہش تھی کہ وہ بھی کسی فلم میں کام کرے اور اس کا یہ خواب اس طرح پورا ہوگاسوچا بھی نہیں تھا۔منیش کا کہنا تھا کہ وہ فلموں میں کام کے ساتھ ساتھ تعلیم بھی حاصل کرے گا اور دوسرے بچوں کی طرح اسکول جانے کی خواہش بھی پوری کرے گا۔واضح رہے کہ 4اکتوبر 1978کو نواب پٹودی خاندان میں پیدا ہونے والی 34سالہ اداکارہ نے ابتدائی تعلیم دہلی کے اسکول سے حاصل کی۔اداکارہ کے والد بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان نواب منصور علی خان پٹودی کا آبائی ملک افغانستان تھا اور مادری زبان بھی پشتو رہی ہے۔بھارت میں ان کے خاندان کے سلسلے صدیوں پرانے ہیں۔اداکارہ کی والدہ شرمیلا ٹیگور نواب منصور سے شادی کے بعد مسلمان ہوگئیں اور نام رضہ رکھ لیا۔بھائی سیف علی خان نے بھی ماں کی طرح بھارتی فلم انڈسٹر ی میں نام کمایا۔تاہم سوہا کی بہن صبا علی خان ایک فیشن ڈیزائنر ہیں۔سوہا نے فلمی سفر کا آغاز 2004میں فلم ’’دل مانگے مور‘‘سے کیا۔اس فلم میں سوہا علی خان نے اداکار شاہد کپور اور آشہ ٹاکیہ کے ساتھ کام کرکے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔2005میں اداکارہ کی بنگالی فلم ’’انتارمحل‘‘میں عمدہ پرفارمنس کو نقادوں نے ابھی تک ذہن میں رکھا ہے اور انھیں ہر بار اس فلم میں اچھی اداکاری کا کریڈٹ دیا جاتا ہے۔2006میں اداکارہ کی فلم ’’رنگ دے بسنتی ‘‘میں پرفارمنس پر انھیں خوب سراہا گیا۔اسی سال ان کی عمدہ پرفارمنس نے فلم ’’کھویا کھویا چاند‘‘کو چارچاندلگادیے یہ فلم بھی باکس آفس پر کامیاباں سمیٹنے میں سرفہرست رہی۔اس کے بعد 13نومبر 2009کو سینماگھروں کی زینت بنائی جانیوالی فلم ’’تم ملے ‘‘میں سوہا کی عمران ہاشمی کے مدمقابل اداکاری نے بالی وڈ حلقوں کو گرویدہ بنالیا۔یہ فلم اگرچہ کمرشلی کامیابی حاصل کرنے میں ناکام رہی تاہم سوہا کی پرفارمنس کو سراہا گیا۔ 2010ء میں دو فلموں ’’ممبئی کٹنگ‘‘ اور ’’تیرا کیا ہوگا جانی‘‘ میں جلوہ گر ہوئیں۔ 2011ء میں فلم ’’ساؤنڈ ٹریک‘‘ میں گوری کا کردار نبھایا۔ 2012میں سوہا کی انگلش فلم ’’مڈنائیٹس چلڈرن ریلیز ہوئی۔گزشتہ برس دوفلموں ’’صاحب بیوی اور گینسٹر ریٹرنز‘‘ اور ’’وار چھوڑ نہ یار‘‘ میں مرکزی کرداروں میں جلوہ گر ہوئیں جب کہ ’’گو گوا گون‘‘ میں خصوصی اپیرنس دی ، رواں برس کے دوران اداکارہ کی ایک فلم ’’ مسٹر جوئے بھی کاروالہو‘‘ سینما گھروں کی زینت بنائی گئی یہ فلم کاروباری لحاظ سے باکس آفس پر زیادہ بزنس تو نہ کرسکی مگر اس میں سوہا کی پرفارمنس کو سراہا گیا۔