نئی دہلی،9 مارچ (یواین آئی) مہنگائی کے مسئلے پر لوک سبھا کی کارروائی اپوزیشن پارٹیوں کے شدید ہنگامے کی وجہ سے بجٹ اجلاس کے دوسرے دن بھی نہیں چلی اور ایوان کی کارروائی دن بھر کے لئے ملتوی کرنی پڑی پریزائڈنگ افسر راجیندر اگروال نے دو بار ملتوی کرنے کے بعد جیسے ہی ایوان کی کارروائی شروع کی تو اپوزیشن اراکین نعرے بازی کرتے ہوئے اسپیکر کے نزدیک آگئے اور زور زور سے چلانے لگے۔
مسٹر اگروال نے انہیں کہا کہ جن مسئلوں پر اپوزیشن بحث کا مطالبہ کررہی ہے ان کے سبھی مطالبات پر حکومت غور کرنے کےلئے تیار ہے اور اراکین اپنی سیٹوں پر چلے جائیں اور ایوان کی کارروائی چلنے دیں۔ لیکن اراکین نے ان کی بات کو انسنا کردیا اور ہنگامہ کرتے رہے جس کے بعد پریزائڈنگ افسر نے ایوان کی کارروائی دن بھر کےلئے ملتوی کردی۔
اس سے پہلے کانگریس سمیت اپوزیشن پارٹیون کے اراکین نے وقفہ سوال کے دوران ہی کسانوں کے مسئلے کے سلسلے میں ایوان میں رخنہ ڈالتے ہوئے ہنگامہ کرنا شروع کردیا۔ہنگامے کی وجہ سے لوک سبھا اسپیکر اوم برلا نے ایوان کی کارروائی 12 بجے تک کےلئے ملتوی کردی تھی۔
دوسری بار جیسے ہی ایوان کی کارروائی شروع ہوئی تو اپوزیشن رکن نعرے لگاتے ہوئے ایوان کے بیچ و بیچ آگئے اور ہنگامہ کرنے لگے۔
پریزائڈنگ افسر میناکشی لیکھی نے ضروری دستاویز ایوان کے میز پر رکھوائے اور اراکین سے اپنی جگہ پر جا کر کارروائی بہتر انداز میں چلنے دینے کی اپیل کی۔ ان کی اپیل کو ہنگامہ کرنے والے اراکین نے انسنا کر دیا اور نعرے بازی اور ہنگامہ کرتے رہے۔
ہنگامہ نہیں تھما تو ایوان شروع ہونے کے محض پانچ منٹ کے اندر انہوں نے کارروائی کو دو بجے تک کےلئے ملتوی کردیا۔