دہرہ دون: اتراکھنڈ کے نئے وزیر اعلیٰ کا اعلان ہوگیا ہے۔ راشٹریہ سیوم سیوک سنگھ (آرایس ایس) کے پرچارک رہے اور بی جے پی کے سینئر لیڈر تیرتھ سنگھ راوت کو پارٹی نے ترویندر سنگھ راوت کی جگہ ریاست کے سربراہ کی کمان سونپ دی ہے۔
اس سے پہلے دھن سنگھ راوت، ستپال مہاراج، اجے بھٹ اور مرکزی وزیر رمیش پوکھریال نشنک کے نام کی چرچا تھی، لیکن پارٹی کی مقننہ پارٹی کے اجلاس میں تیرتھ سنگھ راوت کو وزیر اعلیٰ عہدے کی ذمہ داری سونپ دی گئی۔
بی جے پی کے قومی جنرل سکریٹری، سابق ریاستی صدر اور سابق وزیر تعلیم تیرتھ سنگھ راوت سال 1983 سے لے کر 1988 تک راشٹریہ سیوم سیوک سنگھ کے پرچارک رہے ہیں۔ وہ اکھل بھارتیہ ودیارتھی پریشد (اے بی وی پی) کے اتراکھنڈ کے تنظیمی سکریٹری بھی رہ چکے ہیں۔ اسی تنظیم میں انہوں نے قومی سکریٹری کی ذمہ داری بھی نبھائی ہے۔ اس کے پہلے وہ ہیم وتی نندن گڑھوال یونیورسٹی میں طلبہ یونین کے صدر رہ چکے ہیں۔ وہیں مشترکہ اترپردیش میں تیرتھ سنگھ راوت طلبہ یونین مورچہ (اترپردیش) میں ریاستی نائب صدر رہے ہیں۔
اس کے علاوہ بی جے پی یوا مورچہ کے ریاستی نائب صدر اور قومی ایگزیکٹیو کے رکن رہنے کا بھی ان کو موقع ملا ہے۔ تیرتھ سنگھ راوت 1997 میں اترپردیش قانون سازکونسل کے رکن منتخب ہوئے۔ اس وقت انہیں قانون سازکونسل میں فیصلہ سازی کمیٹی کا چیئرمین بنایا گیا۔ سال 2000 میں نو تشکیل شدہ ریاست کے پہلے وزیر تعلیم رہے تیرتھ سنگھ کو 2007 میں بی جے پی اتراکھنڈ کے پردیش مہامنتری بنایا گیا تھا۔ اس کے بعد وہ ریاستی انتخابی افسر اور ریاستی رکنیت مہم کے سربراہ بھی رہے۔
اتراکھنڈ ڈیوائن ڈیزاسٹر مینجمنٹ ایڈوائزری کمیٹی کے چیئرمین رہے تیرتھ سنگھ سال 2012 میں چوبٹاکھال اسمبلی سے ایم ایل اے منتخب ہوئے۔ سال 2013 میں اتراکھنڈ بی جے پی کے ریاستی صدر بنے اور سال 2017 میں بی جے پی کے قومی سکریٹری بنائے گئے۔