ویلور، 10 مارچ ؛ صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند نے بدھ کے روز کہا کہ عالمی سطح پر ہندوستان کا نام روشن کرنا ملک کے تمام لوگوں کی ذمہ داری ہے۔
مسٹر رام ناتھ کووند نے یہاں ترویلوور یونیورسٹی کے 16 ویں سالانہ کنوکیشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ بات انتہائی اطمینان بخش ہے کہ ہندوستان کا اعلی تعلیمی نظام دیہی اور پسماندہ طبقات کے لوگوں تک پھیل چکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس لحاظ سے یہ دنیا کا تیسرا سب سے بڑا نظام تعلیم بن گیا ہے۔ صدر جمہوریہ نے کہا کہ “ہندوستان میں برطانوی حکومت سے قبل تعلیم کا ایک بہت مضبوط نظام موجود تھا۔ با بائے قوم مہاتما گاندھی نے اسے ایک خوبصورت پودے کے طور پر بیان کیا جسے برطانوی حکومت کے دوران کاٹ دیا گیا تھا”۔
انہوں نے کہا کہ “ہمیں ابھی تک ان تبدیلیوں سے پوری طرح باہر نکلنا باقی ہے۔ نیشنل ایجوکیشن پالیسی 2020 اس سمت میں ایک منصوبہ بند اور فیصلہ کن اقدام ہے”۔
مسٹر کووند نے طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ” عالمی سطح پر ہندوستان کا نام روشن کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ ہمارے پاس ایسا کرنے کا موقع بھی ہے۔ ہمارا ملک دنیا کو یہ سبق پڑھانے کی مناسب پوزیشن میں ہے کہ ایک دوسرے کے ساتھ مل کر کیسے زندگی بسرکرتے ہيں، اور فطرت کی پرورش کا طریقہ کیا ہے۔