سری لنکاکے تجربہ کار آل راؤنڈر تھیسارا پریرا کسی بھی طرز کرکٹ میں ایک اوور میں 6 چھکے لگانے والے پہلے سری لنکن بلے باز بن گئے۔
کرکٹ ویب سائٹ کرک انفو کی رپورٹ کے مطابق تھیسارا پریرا نے سری لنکا کرکٹ بورڈ کے لسٹ اے کرکٹ کے کلب ٹورنامنٹ میں آرمی اسپورٹس کرکٹ کلب کی نمائندگی کرتے ہوئے حریف ٹیم کے خلاف انتہائی جارحانہ بلے بازی کی۔
تھیسارا پریرا نے 13 گیندوں پر ناقابل شکست 52 رنز کی اننگز کھیلی اور سری لنکا کی جانب سے دوسری تیز ترین نصف سنچری کا ریکارڈ بنایا۔
سری لنکا کے سابق آل راؤنڈر کوشالیا ویرارتنے نے نومبر 2005 میں راگانا کرکٹ کلب کی نمائندگی کرتے ہوئے کورونیگالا کے خلاف 12 گیندوں پر نصف سنچری بنا کر تیز ترین نصف سنچری کا ریکارڈ بنایا تھا۔
ان کی 18 گیندوں پر 66 رنز کی اننگز میں 2 چوکے اور 8 چھکے شامل تھے اور ایک اوور میں 5 چھکے لگائے تھے۔
تھیسارا پریرا اپنی ٹیم کی جانب سے پانچویں نمبر پر بیٹنگ کے لیے میدان میں اترے تو 20 گیندوں کا کھیل باقی تھا جبکہ ان کے سامنے تجربہ کار فرسٹ کلاس کرکٹر اور آف اسپنر دلہان کوورے باؤلنگ کے لیے کھڑے تھے جو بلومفیلڈ کرکٹ اور ایتھلیٹک کلب کی نمائندگی کرتے ہیں۔
تجربہ کار آف اسپنر کو 4 اوور میں بغیر کسی وکٹ کے 73 رنز کی ہزیمت کا سامنا کرنا پڑا جبکہ آرمی اسپورٹس کلب نے فائدہ اٹھاتے ہوئے 41 اوورز تک محدود کیے گئے میچ میں 318 رنز کا ہدف دیا تھا۔
میچ کو جب روک دیا گیا تو بلومفیلڈ کی ٹیم بڑے ہدف کے تعاقب میں 6 وکٹوں پر 73 رنز بنا کر مشکل سے دوچار تھی۔
خیال رہے کہ حال ہی میں ویسٹ انڈیز کے مشہور آل راؤنڈر اور کپتان کیرون پولارڈ نے ایک اوور میں 6 چھکے لگائے تھے اور حریف ٹیم سری لنکا تھی۔
کیرون پولارڈ نے ٹی ٹوئنٹی میچ میں سری لنکا کے اکیلا دھنانجیا کے خلاف 6 چھکے لگائے تھے۔
کرکٹ کی تاریخ میں اب تک مجموعی طور 9 ایسے بلے باز ہیں جنہوں نے ایک اوور میں 6 چھکے لگائے ہیں اور ان میں ویسٹ انڈیز کے عظیم سابق بلے باز گیری سوبرز پہلے کرکٹر ہیں۔
ایک اوور میں 6 چھکے لگانے والے کرکٹرز کی فہرست میں بھارت کے روی شاستری، جنوبی افریقہ کے ہرشل گبز، بھارت کے یووراج سنگھ، انگلینڈ سے تعلق رکھنے والے روس وائٹیلے، افغان بلے باز حضرت اللہ زازئی، نیوزی لینڈ کے نوجوان بلے باز لیو کارٹر، ویسٹ انڈیز کے کیرون پولارڈ اور سری لنکا کے تھیسارا پریرا شامل ہیں۔
اس فہرست میں ویسٹ انڈیز اور بھارت کے دو، دو بلے بازوں نے یہ کارنامہ انجام دیا۔