ہر انسان کی خواہش ہوتی ہے کہ اسے سنا جائے، دیکھا جائے، اس کی قدر کی جائے اور اسے دیگر لوگوں سے تعلق کا احساس ہو۔ ہم موجودہ دور میں زندگی کی مصروفیات اور ڈیڈ لائن میں الجھ کر رہ گئے ہیں اور ایسی زندگی کی قیمت ہمارے باہمی تعلق ادا کر رہے ہیں۔
جدید دور میں اسمارٹ فون اور سوشل میڈیا نے ہمارے ٹوٹتے تعلقات کو مزید کمزور کردیا ہے۔ چاہے وہ لاہور کا کوئی ڈھابہ ہو یا کراچی کا کوئی پر تعیش شاپنگ مال، یا وہ دنیا کے دوسرے کونے پر موجود ٹورانٹو کی کوئی سڑک ہو، آپ کو ہر جگہ لوگ ’فبنگ‘ کرتے ہوئے نظر آئیں گے۔









