بھارتی موسیقار و گلوکار بپی کہری کو کورونا وائرس کی علامات کی تشخیص کے بعد ممبئی کے ہسپتال منتقل کردیا گیا۔
این ڈی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق بپی لہری کی بیٹی ریما لہری بنسل نے ایک بیان میں بتایا کہ کورونا وائرس کی معمولی علامات کی تشخیص کے بعد بپی لہری کو بدھ (31 مارچ) کو رات گئے ہسپتال میں داخل کرایا گیا۔
رپورٹ میں پریس ٹرسٹ آف انڈیا کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا کہ بپی لہری اس وقت ممبئی کے بریچ کینڈی ہسپتال میں کورونا وائرس کے علاج کے لیے داخل ہیں۔
ریما لہری کے مطابق بپی لہری کو احتیاطی تدبیر کے طور پر ہسپتال میں داخل کرایا گیا۔
پریس ٹرسٹ آف انڈیا کے مطابق گزشتہ شپ بپی لہری کے ترجمان نے ان کی بیٹی ریما لہری بپی بنسل کا بیان جاری کیا تھا۔
جس میں ریما بنسل نے کہا تھا کہ ‘بپی دا نے بے حد احتیاط کی لیکن ان میں کورونا وائرس کی کچھ علامات کی تشخیص ہوئی ہے’۔
بیان میں کہا گیا کہ ‘ان کی عمر کی وجہ سے احتیاطی اقدام کے تحت ڈاکٹر ادواڈیا کی نگرانی میں بریچ کینڈی ہسپتال میں داخل کرایا گیا ہے’۔
ریما بپی نے کہا کہ ‘وہ ٹھیک ہوجائیں گے اور جلد گھر واپس آئیں گے’۔
گلوکار و موسیقار بپی لہری کی بیٹی نے نیک تمناؤں کا اظہار کرنے پر مداحوں کا شکریہ بھی ادا کیا۔
بپی لہری کے علاوہ گزشتہ دنوں بھارت کے کئی اداکاروں میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوچکی ہے۔
ان دنوں عامر خان، پریش راول، کارتک آیان، نکی تمبولی، فاطمہ ثنا شیخ بھی کورونا کا شکار ہونے کے بعد قرنطینہ میں ہیں۔
علاوہ ازیں کورونا کا شکار ہونے والے اداکاروں میں رنبیر کپور، نیتو کپور، ورون دھون، راکول پریت سنگھ، امیتابھ بچن، ایشوریا رائے، ابھیشیک بچن، ارجن کپور اور ملائیکا اروڑا بھی شامل ہیں۔
خیال رہے کہ گزشتہ ماہ بپی لہری نے ایک پوسٹ شیئر کرتے ہوئے بتایا تھا کہ انہوں نے کووڈ-19 ویکسین کی پری-رجسٹریشن کروالی ہے۔