لکھنؤ : سپریم کورٹ میں قرآن کی آیتوں کے خلاف داخل عرضی پر مولاناکلب جواد نقوی نے وقف بورڈ الیکشن میں وقف بورڈ متولیوں سے وسیم رضوی کا ساتھ نہ دینے کا مطالبہ کیا ہے۔ مجلس علمائے ہند کے جنرل سکریٹری و امام جمعہ مولانا سید کلب جواد نقوی نے ایک ویڈیو پیغام میں کہا کہ جس متولی نے بھی وقف بورڈ الیکشن میں وسیم رضوی کا ساتھ دیا وہ بھی وسیم کے گناہ میں برابر کا حصہ دار سمجھا جائے گا۔
واضح رہے کہ شیعہ وقف بورڈ الیکشن کی تاریخ نزدیک آنے کے ساتھ ہی علماء وسیم رضوی کے خلاف متحد ہو رہے ہیں۔
مولانا کلب جواد نقوی نے ایک ویڈیو پیغام جاری کرکے ریاست کے شیعہ سماج اور علماء سے اپنے علاقوں میں رہنے والے ان سبھی ۳۷ متولیوں پر دباؤ ڈالنے کی اپیل کی ہے کہ اس الیکشن میں وہ متولی وسیم رضوی کو ووٹ نہ کریں نہیں وہ بھی رضوی کے حامی اور فریق سمجھے جائیں گے اور ان کا بھی سماجی بائیکاٹ کیا جائے گا جس طرح وسیم کا سب نے ساتھ چھوڑ دیا ہے۔ مولانا نے اپنے بیان میں کہا کہ الیکشن لڑنے کیلئے کم سے کم ایک تجویز پیش کرنےوالے کی ضرورت ہوتی ہے، ایسے میں اگر کوئی وسیم رضوی کا تجویز کنندہ نہیں بنے گا تو وہ خود الیکشن میں نہیں اتر سکتا ہے۔ انہوں نے سبھی متولیوں سے وسیم رضوی کا تجویز کنندہ نہ بننے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وسیم اسلام کا دشمن ہے اور اسے اس الیکشن میں یہ احساس ہونا چاہئے کہ کوئی بھی مسلمان اب اس کے ساتھ نہیں ہے۔