نئی دہلی،7 اپریل (یواین آئی) دہلی ہائی کورٹ نے بدھ کو کورونا وائرس (کووڈ19) وبا کے بڑھتے انفیکشن کو روکنے کےلئے اکیلے گاڑی چلا رہے شخص کو بھی ماسک پہننا لازمی کردیا ہے۔ عدالت نے کہا کہ گاڑی ایک عوامی مقام کی طرح ہے۔
عدالت نے کہا،’’جب کار ٹریفک سگنل پررکتی ہے،تو ڈرائیور کو اکثر اپنی کھڑکی کھولنی پڑتی ہے۔کورونا وائرس انفیکشن اتنی تیزی سے ہوتا ہے کہ اس وقت میں بھی کوئی بھی انفیکشن ہوسکتا ہے۔‘‘ عدالت نے کہا کہ ماسک کووڈ-19 پھیلنے سے روکنے میں ’سرکشا کوچ ‘کے طورپر کام کرتا ہے۔ دہلی میں سبھی کےلئے ماسک پہننا لازمی ہے۔‘‘
یہ حکم کل دارالحکومت میں 2200 بچے سے صبح پانچ بجے تک رات بھر کرفیو لگائے جانے کے ایک دن بعد آیا ہے۔ یہاں مسلسل متاثرین کی تعداد بڑھتی جارہی ہے۔ وکیل سوربھ شرما کی ایک عرضی پر سماعت کے بعد عدالت نے یہ حکم دیا جس میں انہوں نے گاڑی میں اکیلے ہونے پر ماسک نہ پہننے پر 500 روپے کے جرمانے کے سلسلے میں عدالت میں چیلنج کیا تھا۔
جسٹس پرتیبھا ایم سنگھ نے کہا،’’اگر آپ کار میں اکیلے ہیں،تو ماسک پہننے پر اعتراض کیوں،یہ آپ کی حفاظت کےلئے ہے۔‘‘
انہوں نے کہا،’’وبا کا بحران بڑھ رہا ہے۔کسی شخص کو ٹیکہ لگا ہے یا نہیں اسے ماسک پہننا چاہئے۔‘‘