کولکتہ ، 10 اپریل ( یواین آئی ) مغربی بنگال میں ہفتے کے روز چوتھے مرحلے میں ریاستی اسمبلی کی 44 سیٹوں پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کے درمیان ووٹنگ شروع ہو گئی ہے ۔
الیکشن کمیشن ذرائع کے مطابق 44 اسمبلی حلقوں میں 15،940 پولنگ مرکز قائم کئے گئے ہیں ۔ یہاں 1،15،81،022 رائے دہندگان 373 امیدواروں کی قسمت کا فیصلہ کریں گے۔ پر امن ووٹنگ کے لئے سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔
ریاست میں چوتھے مرحلے میں پانچ اضلاع کے 44 اسمبلی حلقوں میں پولنگ ہورہی ہے ، ان میں ہاؤڑہ پارٹ 2 سمیت جنوبی 24 پرگنہ پارٹ 2 اور ہوگلی پارٹ 2 ، علی پوردوار اور کوچ بہار سیٹیں شامل ہیں۔ ضلع جنوبی 24 پرگنہ میں خواتین فیصلہ کن کردار ادا کر سکتی ہے ۔ ضلع کے 11 حلقوں میں خواتین ووٹروں کی تعداد مرد ووٹروں کی تعداد سے زیادہ ہے۔
اس 11 انتخابی حلقوں میں خواتین رائے دہندگان کی مجموعی تعداد 15،70،392 اور مرد رائے دہندگان کی تعداد 15،66،161 ہے۔ ریاست میں چوتھے مرحلے میں بی جے پی کے مرکزی وزیر بابل سپریو ، ترنمول کانگریس کے ریاستی وزیر کھیل اروپ وشواس ہاٹ سیٹ ٹولی گنج سے میدان میں ہیں ۔
ان میں شہر کے سابق میئر اور وزیر سون چٹرجی کی اہلیہ رتنا چٹرجی بھی ہیں ۔ محترمہ چٹرجی کا بی جے پی کی اداکارہ سیاستدان پائل سرکار سے مقابلہ ہے ۔