لکھنؤ۔(نامہ نگار)۔ گزشتہ شب گڑمبا پولیس نے ایک شاطر چور کو گرفتار کر کے اس کے قبضہ سے چوری کے زیورات اور دیگر سامان برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ دوسری جانب گوسائیں گنج پولیس نے بدھ کی شب چوری کی اسکیم بنانے والے تین چوروں کو گرفتار کرلیا ہے۔ پولیس نے ان کے قبضہ سے چو
ری کئے گئے ۱۵ہزار روپئے، ایک طمنچہ اور چوری میں استعمال ہونے والے آلات برآمد کئے ہیں۔ ایس پی ٹی جی حبیب الحسن نے بتایا کہ گڑمبا پولیس نے بدھ کی رات کنچنا بہاری موڑ کے قریب ایک مشتبہ شخص کو حراست میں لے لیا۔ جامع تلاشی کے دوران پولیس نے اس کے قبضہ سے چاندی کی پازیب، سکے، چار انگوٹھیاں، ایک چابی کا گچھا اور پیتل کی ٹوٹی برآمد کی۔ پوچھ گچھ کے دوران ملزم نے بتایا کہ برآمد سامان چوری کاہے۔ ملزم نے اپنا نام گڑمبا کے عادل نگر کا باشندہ سنجے راوت بتایا۔ ملزم نے دسمبر اور فروری میں چوری کی چار وارداتوں کوانجام دینے کا اقبال جرم کر لیا ہے اس کے علاوہ گوسائیں گنج پولیس کو مخبر سے اطلاع موصول ہوئی کہ کچھ بدمعاش دھورہا روڈ تراہے کے قریب ایک اسکول کے قریب چوری کی اسکیم بنا رہے ہیں۔ اطلاع ملنے کے بعد گوسائیں گنج پولیس نے موثر کارروائی کرتے ہوئے اسکول کے قریب سے تین شاطر بدمعاشوں کو گرفتار کرلیا۔ جامع تلاشی کے دوران پولیس نے بدمعاشوں کے قبضہ سے ایک طمنچہ، چوری میں استعمال ہونے والے آلات اور ۱۵ہزار روپئے نقد برآمد کئے۔ پوچھ گچھ کے دوران ملزمین نے اپنانام بارہ بنکی سترکھ کا باشندہ رامو گوتم، پون کمار اور پرمود بتایا۔