نئی دہلی: ٹرینوں میں وائی فائی براڈ بینڈ سروس شروع کرانے،اس کے توسط سے کوچوں میں سیٹوں کی آن لائن نگرانی اور موبائل آلات سے گاڑی میں ٹکٹ بنانے کی عظیم الشان اسکیم پر ریلوے ازسرنو کام شروع کرے گا۔ریلوے بورڈ کے چیرمین ارونیندر کمار نے کل دیر شام یہاں وزارت ریلوے کے انٹرپرائزریل ٹیل نگم لمیٹڈ کی سالانہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے یہ اشارہ دیا۔
چند سال قبل ریلوے نے ٹرینوں میں ٹکٹ چیکروں کو موبائل ڈیوائس دینے اور ریزرویشن چارٹ کا کام اسی آلہ سے کرنے کااعلان کیا تھا۔ ریلوے کا کہنا ہے کہ اس سے چلتی ٹرینوں میں سیٹوں کی پوزیشن کا آن لائن علم ہوسکے گا۔اسی طرح موبائل ٹکٹنگ نظام سے ٹکٹ جاری کئے جانے سے شفافیت برقرار رہے گی نیز ٹکٹ چیکروں کی ممکنہ بدعنوانی سے بھی نجات ملے گی لیکن بعد میں نیٹ کے مسائل اور پیسہ کی کمی کے سبب اس اسکیم کو ملتوی کردیاگیا۔مسٹر کمار نے تیرہ سال کی قلیل مدت میں مواصلاتی شعبہ میں ریل ٹیل کارپوریشن لمیٹڈ کی کارکردگی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ریل ٹیل کو ریلوے اسٹیشن کے احاطوں کو وائی فائی اور براڈ بینڈ سے لیس کرنا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ ٹی ٹی ای کی مدد سے سستے اسمارٹ فون سے موبائل ٹکٹنگ کی اسکیم کو تیزی سے آگے بڑھانا چاہئے۔ریلوے نے اسی سال چلتی ٹرینوں میں وائی فائی سروس شروع کی ہے۔ کلکتہ راجدھانی ایکسپریس میں مسافروں کے لئے یہ سروس پائلٹ پروجیکٹ کے طور پر شروع کی گئی ہے۔ریلوے ذرائع نے بتایا کہ سبھی گاڑیوں کو مرحلہ وار طریقے سے وائی فائی سہولیات سے لیس کرنے پر غوروخوض کیا جارہا ہے۔
ٹی ٹی ای کو سستے اسمارٹ فون فراہم کرکے ریزرویشن چارٹ آن لائن پرکرنے اور خالی نشستوں کے لئے ٹکٹ کرنے کے انتظامات کئے جائیں۔ذرائع کے مطابق اس نظام کے نفاذ کے بعد چلتی گاڑیوں میں ریزرویشن بھی آن لائن کرایا جاسکے گا۔ ہنگامی حالات میں سفرکرنے والوں کو ٹی ٹی ای سےبار بار درخواست کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔ریل ٹیل کارپوریشن نے ملک میں ۴۲ ہزار کلومیٹر آپٹیکل فائبر کیبل (او ایف سی) لائن بچھائی ہے۔ اس نے تقریبا ۴۲۰۰چھوٹے بڑے قصبات اور شہروں میں او ایف سی نیٹ ورک تیار کیا ہے۔
ریل ٹیل کارپوریشن بینک، فوج، ریلوے اور دیگر سرکاری انٹرپرائز کو بھی نیٹ ورک سہولیات فراہم کررہا ہے۔ریل ٹیل کارپوریشن نے جلد ہی۲ ریل وائر سر وس شر وع کرنے کا بھی منصو بہ بنایا ہے۔کیبل آپریٹروں کے اشتراک سے شر وع کی جانے والی اس اسکیم میں براڈ بینڈ انٹرنیٹ، آئی پی ٹیلی فون، ویڈیو، ای ہیلتھ، ای ۔ایجوکیشن پروجیکٹ شامل ہیں۔ ملک کی ڈھائی لاکھ سے زیادہ گرام پنچایتوں کو براڈ بینڈ سے مربوط کرنے کی بیس ہزار کروڑ روپے کی اہم اسکیم کے لئے ریل ٹیل کارپوریشن کومنتخب کیا گیا ہے۔ریلوے بورڈ کے چیرمین نے کہا کہ سبھی ریلوے انڈرٹیکنگ کو باہم مل کر ریل ٹیل کارپوریشن کو ملک کی آئی سی سی ضرورتوں کی تکمیل کے لئے سب سےموثر انٹرپرائز بنانے میں مدد کرنی چاہئے۔
تقریب میں ریلوے بورڈ کے رکن (بجلی)کل بھوشن، رکن (انجینئرنگ)سبودھ جین بھی موجود تھے۔ تقریب کی صدارت کارپوریشن چیرمین اور مینجنگ ڈائریکٹر آر کے بہوگنا بھی موجود تھے