لکھنؤ،18 اپریل ( یواین آئی) اترپردیش کے 20 اضلاع میں کل شام پانچ بجے پنچایت انتخابات کے لئے انتخابی مہم کے اختتام کے بعد پولنگ صبح سات بجے شروع ہوگی اور شام چھ بجے تک جاری رہے گی ریاستی الیکشن کمیشن نے آج کہا کہ وہ تمام افراد جو ووٹ ڈالنے کے لئے لائن میں لگیں گے وہ اپنے ووٹ کاسٹ کرسکیں گے۔
گذشتہ روز انتخابی مہم کے اختتام کے بعد انتخابات والے اضلاع میں شراب ، بیئر اور بھنگ کی دکانیں بند کردی گئیں ، جو کل شام چھ بجے پولنگ ختم ہونے کے بعد ہی کھلیں گی۔
کمیشن نے کہا کہ آج شام تک پولنگ کے عملہ اور پولیس پارٹی تمام اضلاع میں پہنچ جائے گی۔ کمیشن نے تمام ضلع مجسٹریٹ اور نگرانوں کو آزادانہ ، پرامن پولنگ کو یقینی بنانے کے لئے ضروری ہدایات جاری کردی ہیں۔
مظفر نگر ، باغپت ، گوتم بدھ نگر ، بجنور ، امروہہ ، بدایوں ، ایٹہ ، مین پوری ، قنوج ، اٹاوہ ، للت پور ، چتر کوٹ ، پرتاپ گڑھ ،
لکھنؤ ، لکھیم پور کھیری ، سلطان پور ، گونڈا ، مہاراج گنج ، وارانسی اور اعظم گڑھ میں انتخابات ہونے ہیں۔
اس کے علاوہ پہلے مرحلے کے نو اضلاع میں 20 پولنگ بوتھوں پر 21 اپریل کو دوبارہ پولنگ ہوں گی۔ ریاستی الیکشن کمشنر منوج کمار نے آج کہا کہ ان پولنگ اسٹیشنوں پر گڑبڑ کی شکایت ملی تھی، اس لئے دوبارہ ووٹنگ کا انعقاد کیا جارہا ہے۔