ناسک : مہاراشٹر کے ناسک میں ڈاکٹر ذاکر حسین اسپتال کے باہر آکسیجن ٹینکرمیں رساؤ کے سبب سپلائی متاثر ہونے سےاسپتال میں داخل 22 مریضوں کی موت ہو گئی ۔
ناسک میں میونسپل کارپوریشن کے ڈاکٹرذاکر حسین اسپتال دوارکا علاقے میں واقع ہے اور آج صبح تقریباََ گیارہ بجے مریضوں کو آکسیجن کی فراہمی کرنے والے ٹینکر میں رساؤکے سبب تقریباََ آدھے گھنٹے تک آکسیجن کی سپلائی ٹھپ ہوگئی ، جس کی وجہ سے 22 مریضوں کی موت ہوگئی ۔ مرنے والوں میں 11 خواتین اور 11 مرد شامل ہیں۔
اسپتال میں کورونا وائرس سے متاثر 150 مریض آکسیجن پر تھے ۔ آکسیجن سپلائی کرنے والے ٹھیکیدار کے ٹینکر میں لیکیج ہو گئی ۔ ابتدائی جانچ میں معلوم ہوا ہے کہ ٹینکر میں آکسیجن بھرنے کےکچھ دیر بعد ساکٹ ٹوٹ گیا ، جس سے گیس کا اخراج شروع ہو گیا ۔اس واقعہ کے فوراََ بعد ناسک میونسپل کارپوریشن کے کمشنر کیلاس جادھو، میئر ستیش کلکرنی ، ضلع مجسٹریٹ سورج ماندھارے ، پولیس کمشنر دیپک پانڈے ، میونسپل کارپوریشن کے عہدیدار اور کارپوریٹر موقع پر پہنچ گئے۔
ناسک کے میئر ستیش کلکرنی نے کہا کہ آکسیجن رساؤ کی مکمل تحقیقات کی جائیں گی اور قصوروار کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ ہر متوفین کے لواحقین کو 10 لاکھ روپے کی مالی امداد دی جائے گی ۔