لکھنؤ۔ (نامہ نگار)۔ تاخیر سے آنے پر منع کرنے پر بیوی کا گولی مار کر قتل کرنے والے مستقیم کو آج صبح پولیس نے اس وقت گرفتار کر لیا جب وہ عدالت میں خود سپردگی کرنے کا منصوبہ بنارہا تھا۔ پولیس نے ملزم کے قبضہ سے واردات میں استعمال طمنچہ بھی برآمد کیاہے۔ ایس پی گومتی پار حبیب الحسن نے بتایا کہ ملزم مستقیم دس مارچ کی رات اپنی بیوی نور بانو کا قتل کرنے کے بعد اپنے سات سالہ بیٹے یوسف کو ساتھ لے گیا تھا۔ اس کے بعد اس نے اپنے ایک دوست کو ریلوے اسٹیشن پر بلایا اور یوسف کو اس کو سپرد کر کے ٹرین سے دہلی فرار ہو گیا۔ مستقیم کا دوست یوسف کو دوسرے دن گھر پر لاکر چھوڑ گیا تھا۔ اس درمیان پولیس سرولانس کی مدد سے ملزم مستقیم پر نظر رکھے تھی۔ جمعرات کی صبح مستقیم عدالت میں خود سپردگی کرنے کیلئے راجدھانی پہنچا تھا۔ اطلاع ملنے پر گڑمبا پولیس نے ملزم مستقیم کو ٹیڑھی پلیا کے نزدیک سے گرفتار کر لیا۔ پولیس نے ملزم کے قبضہ سے واردات میںاستعمال ایک طمنچہ بھی برآمد کیا ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ دس مارچ کی دیر رات لکڑی تاجر مستقیم گھر پہنچا تھا۔ دیر رات گھر آنے پر اس کی بیوی نور بانو کا اس سے جھگڑا ہو گیا تھا۔ جھگڑے کے بعد مستقیم نے بیوی کا گولی
مار کر قتل کر دیا تھا۔