لکھنؤ(نامہ نگار)ٹھاکر گنج پولیس نے بدھ کی رات تین گاڑی چوروں کو گرفتار کرتے ہوئے ان کے قبضے سے چوری کی دس موٹرسائیکلیں برآمد کی ہیں۔
ایس پی مغرب اجے کمار مشرا نے بتایا کہ ٹھاکر گنج پولیس بدھ کی رات بالا گنج رنگ روڈ پر جانچ کر رہی تھی کہ اس دوران پولس کو ایک موٹرسائیکل پر سوار تین مشتبہ نوجوان نظر آئے۔ پولیس نے ان کو رکنے کا اشارہ کیا تووہ فرار ہونے لگے۔ پولیس ٹیم نے گھیر کر نوجوانوں کو گرفت میں لے لیا۔ شک ہونے پر پولیس نے سختی سے پوچھ گچھ کی تو پکڑے گئے نوجوانوں نے بتایا کہ مذکورہ موٹرسائیکل چوری کی ہے۔ گاڑی چوروں نے اپنا نام بارہ بنکی کے بڈوپور کا روہت ورما، سیتاپور کا سندیپ کمار اور ہردوئی کا رام سنگھ بتایا۔ پولیس نے تینوں کی نشاندہی پر بری جنگل کے نزدیک ایک سنسان جگہ سے چوری کی ۹دیگ
ر موٹرسائیکلیں برآمد کی ہیں۔ ملزم سندیپ ٹھاکر گنج کے مادھو پور اور رام سنگھ گڑھی پیر خاں علاقے میں کرائے کے مکان میں رہتا ہے۔ ملزمان نے بتایا کہ وہ لوگ چوری کی موٹرسائیکل کے جعلی کاغذات تیار کر کے اس کو دوسرے اضلاع میں فروخت کرتے تھے۔ برآمد کی گئی ایک موٹرسائیکل کچھ دن قبل تالکٹورہ علاقے سے چوری کی گئی ہے۔ فی الحال دیگر موٹرسائیکلوں کے بارے میںپولیس پتہ لگا رہی ہے۔ ایس او ٹھاکر گنج ششی کانت یادو نے بتایا کہ پکڑے گئے گاڑی چور صرف پرانی ہی موٹرسائیکلوں کو نشانہ بناتے تھے۔ جس کا تالا پرانا یا پھر خراب ہو چکا ہوتا تھا۔
ٹھاکر گنج پولیس کو چوری کی دس موٹرسائیکلیں ملنے کی اطلاع جیسے ہی لوگوں کو ملی تو تھانے کے باہر مقامی لوگ جمع ہو گئے۔ وہ لوگ اس امید میں تھے کہ پولیس نے جو موٹر سائیکلیں برآمد کی ہیں شاید اس میں چوری کی گئی ان کی موٹرسائیکل بھی ہو۔ پولیس نے لوگوں کو بتایا کہ وہ انجن اور چینچس نمبر کی مدد سے گاڑی مالک کا پتہ لگا کر ان کو مطلع کریںگے۔