کولکتہ ، 29 اپریل ( یواین آئی) کورونا کی دوسری لہر کے درمیان مغربی بنگال میں اسمبلی انتخابات کے آٹھویں اور آخری مرحلے کے لئے جمعرات کی صبح 7 بجے سے ریاست کی 294 سیٹوں میں سے 35 سیٹ پر ووٹنگ شروع ہو گئی ہے ۔ جو شام کے ساڑھے چھ بجے تک جاری رہے گی ۔
بنگال میں آخری مرحلے میں چار اضلاع مالدہ ، کولکتہ شمالی ، مرشد آباد اور ویربھوم کی 35 اسمبلی سیٹوں کے لئے آج پر امن طریقے سے پولنگ شروع ہو گئی ہے ، جن میں ویربھوم اور مرشد آباد کی 11۔11 ، کولکتہ شمالی کی سات اور مالدہ کی چھ سیٹوں پر پولنگ ہو رہی ہے۔ ریاست میں آخری مرحلے میں 35 خواتین امیدواروں سمیت کل 283 امیدواروں کی قسمت کا فیصلہ ہو گا ۔
ان امیدواروں کی قسمت کا فیصلہ 53،55،835 مرد ، 41،21،735 خواتین ووٹر اور 158 ٹرانسجینڈرووٹروں سمیت 84،77،728 ووٹر کریں گے ۔ ووٹنگ کے لئے کل 11،860 پولینگ مراکزقائم گئے ہیں۔
ریاست میں حکمران جماعت ترنمول کانگریس کی کارکردگی پر سب کی نگاہیں ہیں کیونکہ ان انتخابات میں فیصلہ ہو گا کہ وزیر اعلیٰ اور ترنمول کی سربراہ ممتا بنرجی 2 مئی کو ووٹوں کی گنتی کے بعد تیسری مدت کار کے لئے واپس آسکیں گی یا نہیں۔ تاہم مرکز میں برسراقتدار بھارتیہ جنتا پارٹی نے محترمہ بنرجی کو اس مرتبہ اقتدار سے بے دخل کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی ہے۔
ریاست میں آٹھویں مرحلے کے لئے آزادانہ اور غیرجانبدارانہ انتخابات کے انعقاد کے لئے مرکزی فورسز کی 641 کمپنیاں تعینات کی گئیں ہیں ۔ جن میں سے 224 ضلع ویربھوم ، 212 مرشد آباد ، 110 مالدہ اور 95 شمالی کولکاتہ میں تعینات کی گئی ہیں ۔
ہجوم سے بچنے کے لئے ہر بوتھ میں صرف 1000 ووٹر ووٹ ڈال سکیں گے۔