اورنگ آباد ، 6 مئی (یو این آئی) مہاراشٹر کے مراٹھواڑا خطے کے آٹھ اضلاع میں کووڈ کی صورتحال بدستور برقرار ہے ۔ طبی حکام کے مطابق اس علاقے میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کووڈ ۔19 کے6،658 نئے کیسز سامنے آئے ہیں جبکہ 141 اموات ریکارڈ کی گئی ہیں۔
تمام ضلع صدر مقامات سے یواین آئی کی جانب سے جمع کئے گئے اعدادوشمارکے مطابق خطے کے آٹھ اضلاع میں سے ضلع بیڈ سب سے زیادہ متاثر رہا ۔ یہاں کورونا کے 1439 نئے کیسز اور 37 اموات ریکارڈ کی گئی ہیں ، اس کے بعد لاتور میں 1306 نئے کیسز اور 31 اموات ، اورنگ آباد 944 کیسز اور 27 اموات ، ناندیڑ میں 422 نئے کیس اور 21 اموات ، پربھنی میں 785 نئےکیسز اور 11 اموات ، جالنا میں 828 کیسز اور 8 اموات، ہنگولی میں 151 کیسز اور 8 اموات جبکہ عثمان آباد میں 783 نئے کیسز اور ایک موت ریکارڈ کی گئی ہے۔
دریں اثنا گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ریاست میں کورونا کے 57640 نئے کیسز سامنے آنے سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد بڑھ کر 48،50،542 ہوگئی ہے جبکہ مزید 920 مریضوں کی موت ہونے سے مرنے والوں کی تعداد 72،662 ہوگئی ہے ۔