چنئی، 11 مئی (یو این آئی) سولہویں تمل ناڈو قانون ساز اسمبلی کے پہلے اجلاس کے پہلے دن منگل کے روز وزیر اعلی ایم کے اسٹالن سمیت نومنتخب اراکین نے قانون ساز اسمبلی کی رکنیت کا حلف لیا عارضی اسپیکر کے پچھانڈی نے نومنتخب اراکین اسمبلی کو ایوان کی رکنیت کا حلف دلایا مسٹر اسٹالن نے سب سے پہلے ایوان کی رکنیت کا حلف لیا ۔ اس کے بعد قائد ایوان اور وزیر آبی وسائل دوررئی مورگن نے حلف لیا۔
کورونا وائرس سے متاثرہ سیاحت کے وزیر ایم متیوینتم اور پسماندہ طبقات کی بہبود کے وزیر ایس ایس شیو شنکر کے علاوہ تمام وزراء نے ایوان کی رکنیت کا حلف لیا۔
کورونا سے متاثرہ دونوں وزراء اپنی رہائش گاہوں پر قرنطینہ میں ہیں۔ کورونا وائرس سے صحت یاب ہونے کے بعد ہی دونوں وزراء قانون ساز اسمبلی کی رکنیت کا حلف لیں گے۔
وزرا کے بعد، اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اور اے آئی اے ڈی ایم کے کے کوآرڈینیٹر کے پلانیسوامی نے ایوان کی رکنیت کا حلف لیا۔
اس کے بعد تمام اراکین اسمبلی کو حروف تہجی کی ترتیب سے ایوان کے ممبر کی حیثیت سے حلف دلایاگیا۔
اس دوران بھگود گیتا، بائبل، قرآن کریم اور آئین ہند کی یک کاپی میز پر رکھی گئی تھی اور ممبران نے حلف لینے کے لئے ان میں سے اپنی پسند کی کتاب کا انتخاب کیا۔