ممبئی ، 12 مئی (یو این آئی) بالی ووڈ کے مشہور کریکٹر ایکٹر انوپم کھیر کورونا بحران کے دوران آگے آئے ہیں اور انہوں نے کورونا مریضوں کی مفت خدمت کرنے کی ذمہ داری لی ہے۔
کورونا وبا کی دوسری لہر نے پورے ملک میں قہربرپا مچا رکھا ہے ۔
بالی وڈ کے متعدد فنکار ضرورت مند لوگوں کی مدد کر رہے ہیں۔
اب انوپم کھیر بھی لوگوں کی مدد کے لئے آگے آئے ہیں۔
انوپم نے کورونا مریضوں کی مفت خدمت کرنے کی ذمہ داری لی ہے۔
انوپم کھیر علاج سے متعلقہ اشیاء کو ہسپتالوں میں بلا معاوضہ پہنچا رہے ہیں۔
اس میں ’ انوپم کھیر فاؤنڈیشن‘ کے علاوہ دو مزید فاؤنڈیشن مدد کر رہے ہیں۔
انوپم کھیر فاؤنڈیشن نے یہ کام امریکہ کے ’گلوبل کینسر فاؤنڈیشن‘ اور ملک میں واقع ’بھارت فورج‘ کے اشتراک سے شروع کیا ہے۔
وہ اسپتالوں میں ایمبولینس، آکسیجن کنسٹریٹرس ، وینٹیلیٹر ، بیگ پیک آکسیجن مشینیں، ٹرانسپورٹ وینٹیلیٹرز اور زندگی بچانے والی چیزوں کی مفت ترسیل کررہے ہیں ۔
انوپم کھیر نے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو شیئر کر تے ہوئے اس بات کی جانکاری دی ہے۔
انوپم کھیر نے ویڈیو میں بتایا کہ کورونا سے لڑنے کے لئے ہم ملک کے مختلف حصوں میں مریضوں کے لئے ضروری سامان اسپتالوں میں پہنچارہے ہیں۔
ہمارا فاؤنڈیشن مہاراشٹر ، بہار ، جموں و کشمیر سمیت متعدد ریاستوں کے شہروں میں یہ سہولت مہیا کرائے گا۔