نئی دہلی، 23 مئی (؛) وزیر اعظم نریندر مودی نے آج ایک اجلاس میں گردابی طوفان ‘یاس’ سے نمٹنے کے لئے متعلقہ ریاستوں اور مرکزی وزارتوں اور ایجنسیوں کی تیاریوں کا جائزہ لیا محکمہ موسمیات نے بتایا کہ طوفان ‘یاس’ 26 مئی کی شام کو 155-165 کلومیٹر کی رفتار سے چلنے والی ہوا کے تیز ہوکر 185 کلومیٹر فی گھنٹے کی رفتار سے چلنے کے اندازے کے ساتھ مغربی بنگال اور شمالی اڈیشہ کے ساحلوں سے ٹکرانے کا اندازہ ہے۔
اس سے مغربی بنگال اور شمالی اڈیشہ کے ساحلی اضلاع میں زبردست بارش ہوسکتی ہے۔
محکمہ نے یہ بھی انتباہ دیا ہے کہ مغربی بنگال اور اڈیشہ کے ساحلی علاقوں میں تقریبا 2 سے 4 میٹر اونچی لہریں اٹھ سکتی ہیں۔ محکمہ موسمیات باقاعدگی سے تمام متعلقہ ریاستوں کو تازہ ترین پیش گوئی کے ساتھ بلیٹن جاری کررہاہے۔
وزیر اعظم کو بتایا گیا کہ کابینہ کے سکریٹری نے تمام ساحلی ریاستوں کے چیف سکریٹریوں اور متعلقہ وزارتوں اور ایجنسیوں کے عہدیداروں کے ساتھ نیشنل کرائسس مینجمنٹ کمیٹی کی میٹنگ کی۔
وزارت داخلہ اس صورتحال کا مستقل جائزہ لے رہی ہے اور ساحلی ریاستوں اور متعلقہ وزارتوں اور ایجنسیوں کے ساتھ رابطے میں ہے۔ نیشنل ڈیزاسٹر ریسپانس فورس نے ریاستوں میں کشتیاں ، درختوں کو کاٹنے کے سازوسامان ، ٹیلی مواصلات کے سازوسامان وغیرہ کی 46 ٹیمیں پہلے ہی تیار کرلی ہیں۔ اس کے علاوہ 13 ٹیموں کو تعینات کرنے کے لئے ہوائی جہاز میں منتقل کیا جا رہا ہے اور 10 ٹیموں کو ایمرجنسی کے لئے تیار رکھا گیا ہے۔
کوسٹ گارڈ اور بحریہ نے امدادی ، تلاشی اور بچاؤ کاموں کے لئے جہاز اور ہیلی کاپٹر تعینات کردیئے ہیں۔ ائر فورس اور آرمی انجینئر ٹاسک فورس کے یونٹوں کو تعیناتی کے لئے تیار رکھا گیا ہے۔ انسانی امداد کے ساتھ سات بحری جہازوں اور تباہی سے متعلق امدادی یونٹ مغربی ساحل پر تیار ہیں۔