لکھنؤ۔(نامہ نگار)۔ بی جے پی نے سماج وادی حکومت کے ذریعہ منریگا بدعنوانی کی سی بی آئی جانچ مخالف رٹ پر حکومت کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے ہائی کورٹ کے ذریعہ رٹ کو خارج کرنے کا خیر مقدم کیا ہے۔ ریاستی ترجمان ڈاکٹر منوج مشرا نے کہا کہ ریاست کی سماج وادی حکومت منریگا بدعنوانی کی سی بی آئی جانچ کرانا کیوں نہیں چاہتی ہے۔ آخر حکومت کو کس بات کا ڈر ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ بدعنوانیاں سماج وادی پارٹی، بی ایس پی اورکانگریس کی ساز باز ہے۔ انہوں نے سماجوادی حکومت پر الزام عائد کیا کہ الیکشن کے دوران بی ایس پی کی بدعنوانی پر سماج وادی پارٹی کے لیڈروں نے تحقیقات کر کے مایاوتی اور ان کے وزراء کو جیل بھیجنے کی بات کہی تھی۔ اب سماج وادی پارٹی ان بدعنوانیوں پر پردہ ڈال رہی ہے اور بدعنوانی کرنے والوں کو تحفظ فراہم کر رہی ہے۔ منریگا بد
عنوانی کی جانچ صرف ۷؍اضلاع میں ہو رہی ہے۔ حکومت پوری ر یاست میں بدعنوانی کی جانچ کیوں نہیںکر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ منریگا بدعنوانی کی جڑیں بہت گہری ہیں۔ غریبوں کیلئے بنی اسکیموں کی بدعنوانیوں میں ایس پی ،بی ایس پی اور کانگریس کی ساز باز ہے۔
انہوںنے الزام عائد کیا کہ سماج وادی پارٹی حکومت کے دو برسوں کے دوران بی ایس پی کے ذریعہ کی گئی بدعنوانیوں پر کوئی سخت کارروائی نہیں کی گئی۔ گزشتہ بارہ برسوںمیں ریاست میں صرف بدعنوانیاں ،ذا ت پات ،بھائی بھتیجاوار اور بدعنوانیوں کاہی عروج رہاہے اور عوامی مفاد کی اسکیموں میں لوٹ کھسوٹ ہوئی ہے۔