ایران میں صدارتی انتخابات کی گہماگہمی روز بروز بڑھتی جارہی ہے اور صدارتی امیدواروں کے درمیان ٹیلی ویژن مباحثے شیڈول کے مطابق انجام پائیں گے۔
ایران کے قومی نشریاتی ادارے کے شعبۂ تعلقات عامہ کے مطابق قرعہ اندازی کے نتائج کے پیش نظر تمام امیدواروں کے پروگرام ٹیلی ویژن اور ریڈیو سے بدستور نشر کیے جا رہے ہیں جبکہ ٹیلی ویژن مباحثے کے پروگرام میں بھی کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ صدارتی امیدواروں کا پہلا مباحثہ سات مئی کو نشر ہوگا۔ صدارتی انتخابات کے حوالے سے ایرانی عوام میں خاصا جوش و خروش نظر آرہا ہے اور لوگ مختلف امیدواروں کے ریڈیو اور ٹیلی ویژن پروگراموں میں گہری دلچسپی لے رہے۔
درایں اثنا ایران کی اعلی قومی سلامتی کونسل کے سیکریٹری علی شمخانی نے انتخابات میں شرکت کو بہتر سے بہتر حکومت انتخاب کرنے کا بے مثال موقع قرار دیا ہے۔ اپنے ایک ٹوئٹ میں علی شمخانی کا کہنا تھا کہ ایران کے عوام اٹھارہ جون کو ہونے والے انتخابات میں بھرپور حصہ لیں گے اور ملک کے بہتر انتظام کے حوالے سے اپنا فریضہ ادا کریں گے۔