برلن ۔ہفتے کے دن جہاں میونخ نے لیورکوزن کو شکست دے کر اس لیگ میں اپنے مسلسل سترہویں میچ میں کامیابی حاصل کر لی، وہیں مؤنشن گلاڈباخ جیسی کمزور ٹیم نے سابق چمپئن ٹیم ڈورٹمنڈ کو ہرا کر ایک بڑا اپ سیٹ کر دیا۔ بنڈس لیگا کے پچیسویں میچ ڈے کے دوسرے دن جب بائرن میونخ نے لیورکوزن کی ٹیم کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے مات دی تو اس کے ساتھ ہی اس نے مسلسل پچاس میچوں میں ناقابل شکست رہنے کا اعزاز بھی حاصل کر لیا۔ لیگ ٹیبل پر اب اس تاریخ ساز جرمن کلب کے پوائنٹس کی تعداد 71 ہو گئی ہے۔ دوسرے نمبر پر اڑتالیس پوائنٹس کے ساتھ ڈورٹمنڈ ہے، جو میونخ سے 23 پوائنٹس کی دوری پر ہے۔میونخ کو اب سال 2014-15 کا چیمپئن بننے کے لیے صرف دو میچوں میں کامیابی حاصل کرنا ہے۔ ایسے اندازے بھی لگائے جا رہے ہیں کہ شاید بنڈس لیگا کے آئندہ میچ ڈے میں بائرن میونخ بنڈس لیگا کا ٹائٹل ایک بار پھر اپنے نام کر ہی لے۔ یہ امر اہم ہے کہ ابھی رواں سیزن کے آٹھ میچ باقی ہیں اور اگر میونخ کی ٹیم آئندہ ہفتے ٹائٹل حاصل کر لیتی ہے تو یہ بھی اپنی نوعیت کا ایک ریکارڈ بن جائے گا۔ ہفتے کے دن ہی اپنے ہوم گراؤنڈ پر ہی مؤنشن گلاڈباخ سے ایک کے مقابلے میں دو گول سے غیر متوقع طور پر شکست کھانے کے بعد ڈورٹمنڈ نے میونخ کو یہ نیا ریکارڈ بنانے کے قریب تر کر دیا ہے۔جرمن فیڈرل فٹ بال لیگ کے موجودہ سیزن میں ہفتے کے روز مجموعی طور پر چھ میچ کھیلے گئے۔