صیہونی حکومت کی وزارت خارجہ کے ترجمان لیورحیات نے ہفتے کے روز اپنے ایک بیان میں آیت اللہ رئیسی کو ایک ایسا فرد قرار دیا ہے کہ جو ایران کے ایٹمی پروگرام کو تیزی کے ساتھ آگے بڑھانے کا عزم رکھتا ہے۔
لیورحیات کے دعوے کے مطابق آيت اللہ رئیسی کے انتخاب نے ایران کے تخریبی اہداف کو شفاف کردیا ہے، جس پر عالمی برادری میں فوری اور گہری تشویش پیدا ہوسکتی ہے۔
صہیونی حکومت کے ترجمان نے اپنے ٹوئيٹ میں لکھا ہے کہ ایران کے ایٹمی پروگرام کو فوری طور پر روکا جانا چاہیے، ایٹمی پروگرام رول بیک ہونا چاہیے مکمل طور سے روک دینا چاہیے اور ایران کے بیلسٹک میزائیل پروگرام کو بھی جڑ سے ختم کئے جانے کی ضرورت ہے۔
واضح رہے کہ آیت اللہ رئیسی 61 اعشاریہ 9 فیصد ووٹ لے کر ایران کے آٹھویں صدر بن گئے ہیں۔
فارس نیوز کی رپورٹ کے مطابق عالمی رہنماؤں اور اہم شخصیات نے آيت اللہ رئیسی کے انتخاب پر تہنیتی پیغامات ارسال کئے ہیں۔
روس کے صدر ولادیمیر پوتین، شام کے صدر بشاراسد، عراق کے صدر برہم صالح، پاکستان کے وزیراعظم عمران خان سمیت عرب اور اسلامی ملکوں کے حکام نے اپنے علیحدہ علیحدہ پیغامات میں آيت اللہ سید ابراہیم رئیسی کے انتخاب پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے مبارکباد پیش کی ہے۔