ممبئی، 7 جولائی (یو این آئی) بالی ووڈ کے مایہ ناز اداکار دلیپ کمار کا بدھ کے روز یہاں انتقال ہوگیا۔ وہ 98 برس کے تھے۔ دلیپ کمار طویل عرصے سے علیل تھے اور مختلف بیماریوں میں مبتلا تھے۔
سپر اسٹار اداکار دلیپ کمار کو 30 جون کو ممبئی کے ہندوجا اسپتال میں انتہائی نگہداشت والے یونٹ (آئی سی یو) میں داخل کرایا گیا تھا۔
ان کی شریک حیات سائرہ بانو نے منگل کے روز بتایاتھا کہ ان کی حالت اب بہتر ہے۔
انہوں نے کہاکہ’’ دلیپ صاحب کی طبیعت اب مستحکم ہے اور وہ ابھی بھی آئی سی یو میں زیر علاج ہیں۔
ہم ان کو گھر لے جانا چاہتے ہیں ، لیکن ہم ڈاکٹروں کی منظوری کا انتظار کررہے ہیں۔
ڈاکٹر جیسے ہی اجازت دیں گے ہم ان کو گھر لے جائیں گے۔
سائرہ بانو نے دلیپ صاحب کے مداحوں سے ان کی صحتیابی کے لئے دعا کی درخواست کی‘‘۔
اسپتال کے ذرائع نے آج دلیپ کمار کی موت کی تصدیق کردی ہے۔