لاہور: فنکار سرحدوں کا محتاج نہیں ہوتا، فلم ’’یارب ‘‘ میرے کیرئیر کی یادگار فلم ہے جس میں پاکستانی اداکار منظر صبہائی کی اداکاری نے متاثر کیا۔ان خیالات کا اظہار بالی ووڈ اداکار اور بگ باس سیزن 7میں تیسرے نمبر پرآنیوالے اعجاز خان نے ممبئی سے ٹیلیفون پر نمائندہ ایکسپریس سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔اعجاز خان نے کہا کہ فلمی اداکار کہلانا ہر فنکار کی خواہش ہوتی ہے اور میں بھی بالی ووڈ انڈسٹری کا حصہ بن کر بے حد خوش ہوں۔ فلمی کیرئیر کا آغاز رام گوپال ورما کی فلم ’’ رخت چترا‘‘ سے کیا جس میں میرا کردار مختصر مگر پاورفل تھا اس کے بعد مجھے ’’اللہ کے بندے‘‘ اور ’’بڈھا ہوگا تیرا باپ‘‘ فلموں میں میری پرفارمنس کو سراہا گیا۔ان فلموں کو سائن کرتے ہوئے میرے ذہن میں صرف یہ تھا کہ فنکار کے لیے کردار چھوٹا بڑا کوئی معنی نہیں رکھتا ، بلکہ اس کی کردار نگاری اسے بڑا بناتی ہے۔اعجاز خان نے کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ بالی ووڈ انڈسٹری میں اپنی محنت اور جدوجہد سے آگے بڑھ رہاہوں۔ رام گوپال ورما میرے محسن ہیں جنہوں نے مجھے اپنی فلم کے ذریعے متعارف کروایا۔ انھوں نے کہا کہ ہندی کے ساتھ تیلگو فلمیں بھی کر رہا ہوں۔ ہدایتکار حسنین حیدرآباد والہ نے مجھے ’’یارب ‘‘ کے مرکزی کردار میں سائن کیا جس میں ایک فرض شناس پولیس آفسر روی سنگھ کا کردار نبھا یا ہے جس میں پاکستانی اداکار منظر صبہائی نے بھی اہم کردار نبھایا ہے۔جن کی پرفارمنس کا میرے سمیت پوری کاسٹ گرویدہ ہوگئی ہے۔پاکستان آنے کے حوالے سے اعجاز خان نے کہا کہ فنکار کی کوئی سرحد نہیں ہوتی اور اگر کبھی مجھے موقع ملا تو ضرور آؤں گا۔
اداکار رضا مراد نے اپنی اہلیہ ثمینہ رضا کے ساتھ کی لاہور کی سیر
لاہور: بالی ووڈ کے معروف اداکار رضا مراد نے لاہورمیں شاپنگ کرنے کے ساتھ اپنی اہلیہ ثمینہ رضا کے ساتھ لاہور کے تاریخی دروازے دیکھے۔گزشتہ روزرضا مراد اندرون شہر گئے جہاں انھوں نے ’’ اکبری دروازہ، دہلی دروازہ، لوہاری دروازہ، شاہ عالم دروازہ، بھاٹی دروازہ اور رنگ محل دیکھے اورخریداری بھی کی۔ اس موقع پررضامراد ان لمحات کواپنے کیمرے میں محفوظ بھی کرتے رہے۔ انھوں نے اپنی اہلیہ کے ہمراہ ان تاریخی دروازوں دیکھے جب کہ اہل علاقہ نے ان کو ان تاریخی دروازوں کی تاریخی حیثیت سے بھی انھیں آگاہ کیا۔رضا مراد نے ’’ایکسپریس‘‘سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ اندرون شہر لاہور کا اصل حسن ہے، اسی لیے میں اپنی اہلیہ کواندرون شہردکھانے کے لیے لایا ہوں۔ گزشتہ برس جب میں لاہورآیا تھا توصرف دوروزیہاں قیام کا موقع ملا اوروقت کی کمی کے باعث لاہورکی سیر اورتاریخی مقامات دیکھنے کی خواہش کوپورا نہیں کرسکا تھا۔ رضامراد کی اہلیہ ثمینہ رضاکا اس موقع پرکہنا تھا کہ ان تاریخی عمارتوں کو دیکھ کر بہت اچھا لگ رہا ہے۔ میرا دل چاہتا تھا کہ لاہور کو دیکھوں اور لاہوریوں کی محبتیں بھی سمیٹ سکوں۔ یہاں پرپہلی بار آئی ہوں لیکن زرہ بھی اجنبیت کا احساس نہیں ہورہا۔