نئی دہلی: بالی ووڈ کے عظیم فنکار دلیپ کمارکو سرکاری اعزاز کے ساتھ آخری وداعی دی گئی۔ انہیں سانتا کروز ممبئی واقع جوہو کے قبرستان میں سپرد خاک کیا گیا۔ خبروں کی مانیں تو کووڈ ضوابط کے مطابق ان کی آخری رسوم میں صرف 20 لوگ ہی شامل ہوسکے۔ یہاں ہم آپ کو دکھا رہے ہیں کہ دلیپ کمار کی آخری وداعی کی تصاویر۔
دلیپ صاحب 98 سال کے تھے۔ گزشتہ کچھ دنوں سے وہ کافی بیمار چل رہے تھے۔ انہیں سانس لینے میں پریشانی ہو رہی تھی، اس وجہ سے وہ ممبئی کے ہندوجا اسپتال میں داخل تھے اور آج (بدھو) کی صبح انہوں نے آخری سانس لی۔
دلیپ صاحب کے انتقال پر آج پورا بالی ووڈ صدمے میں ہے۔ انڈسٹری کے تمام ستارے انہیں نم آنکھوں سے خراج عقیدت پیش کر رہے ہیں۔
شاہ رخ خان، کرن جوہر سے لے کر رنبیر کپور تک دلیپ صاحب کے آخری دیدار کے لئے ان کے گھر پہنچے تھے۔
واضح رہے کہ دلیپ کمار کا اصلی نام محمد یوسف خان تھا۔ ان کی پیدائش پاکستان کے پشاور میں 11 دسمبر 1922 کو ہوئی تھی۔ ان کا بچپن مفلسی میں گزرا تھا۔ ان کے والد پھل بیچ کر فیملی کی ضروریات کو پورا کرتے تھے۔ وہ تقسیم کے بعد فیملی کے ساتھ ممبئی آکر رہنے لگے، جب والد کو تجارت میں نقصان ہوا تو دلیپ کمار کو کام کرنے کی ضرورت محسوس ہوئی۔ انہیں پنے کی ایک کینٹین میں کام مل گیا۔ اسی جگہ دلیپ کمار کی ملاقات اداکارہ دیویکا رانی سے ہوئی۔ انہوں نے نوجوان دلیپ کمار کو اداکار بننے کے لئے کہا۔