ڈھاکہ۔سری لنکا کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان کمار سنگاکارا نے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ سے ریٹائر منٹ کے اعلان کے بعد ون ڈے کرکٹ کو بھی خیرباد کہنے کا عندیہ دے دیا۔ ان کا کہنا ہے کہ 2015 کا ورلڈ کپ میرا آخری ورلڈ کپ ہوگا۔ میں اس وقت 36 سال کا ہوں اور کیریئر کے
اختتام کی جانب بڑھ رہا ہوں۔ اچھی طرح جانتا ہوں کہ اس کے بعد مجھے ورلڈکپ میں شرکت کا موقع نہیں ملے گا کیوںکہ میں اس وقت تک 41 برس کا ہوچکا ہوں گا۔ انہوں نے کہا کہ میں اس وقت ون ڈے اور ٹیسٹ کرکٹ سے پوری طرح لطف اندوز ہورہا ہوں، میری فارم اور فٹنس بہت اچھی ہے، لیکن یہ ہمیشہ نہیں رہیں گی، جب تک خود کو کھیلنے کے قابل سمجھتا ہوں اپنے ملک کی نمائندگی کرتارہوں گا۔ انہوں نے میڈیا سے غیر رسمی بات کے دوران ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنلز سے ریٹائرمنٹ کے بعد مداحوں کی طرف سے ملنے والے تہنیتی پیغامات کا شکریہ ادا کیا۔ کماراسنگاکارا نے رواں ورلڈ کپ کے بعد ٹی ٹوئنٹی کر کٹ سے کنارہ کشی کا اعلان کیا تھا۔ سنگاکارا نے کہا کہ میرا فیصلہ سیلکٹرز کو 2016 ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے بہترین ٹیم تیار کر نے کے لیے مفید ثابت ہوگا۔ سنگاکارا کی زیر قیادت سری لنکن ٹیم انگلینڈ میں 2009کے ورلڈ کپ کے فائنل میں پہنچی تھی۔ سنگاکارا نے سری لنکا کے لیے اب تک 50ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے ہیں اور انھوں نے سات نصف سنچریوں کی بدولت 32.77کی اوسط سے 1311رنز بنا رکھے ہیں۔ اسٹار بیٹسمین نے کہا کہ میں اور جے وردھنے سری لنکن کرکٹ کا سنہرادور گذار رہے ہیں، ہم نے مل کر اپنی ٹیم کیلیے بہت ساری اچھی اننگز کھیلی ہیں، ہمارے ریکارڈز اورکارناموں تک پہنچنا نئی نسل کیلئے بہت مشکل ہوگا، لیکن میں سمجھتا ہوں کہ دنیش چندی مل اور لہیرو تھریمانے میں اتنی صلاحیت ہے کہ ہماری جوڑی کی جگہ لے سکیں۔سنگا کارا نے ٹی ٹوئنٹی سے کنارہ کشی کا اعلان ایسے وقت میں کیا ہے جب وہ بہترین فارم میں ہیں ، انھوں نے حال ہی میں بنگلہ دیش کے خلاف ہونے والی ٹیسٹ سیریز میںاہم اننگز میں تین سو کا ہندسہ عبور کرنے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔