ڈیوک اینڈ ڈچز آف کیمبرج، شہزادہ ولیم اور کیٹ مڈلٹن کے بڑے بیٹے شہزادہ جارج کے والدین کے ہمراہ یورو 2020ء کےفائنل میں شرکت کے بعد سوشل میڈیا پر تنقید کا شکار بننے پر اُنہیں میڈیا سے دور رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹ کے مطابق شاہی محل کی جانب سےسوشل میڈیا پر تنقید کا شکار بننے والے شہزادہ جارج کو میڈیا سے دور رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
شاہی مبصر رابرٹ جابسن کا کہنا ہے کہ جارج نےسوشل میڈیا کی کافی توجہ حاصل کرلی ہے۔
شاہی مبصر نے کہا کہ ’کچھ ناقدین نے جارج کو اپنے والد ولیم کے جیسی ٹائی اور شرٹ پہننے پر تنقید کا نشانہ بنایا جو کہ اُن کےخیال میں بہت ہی ناگوار بات ہے۔‘
انہوں نے کہا ہے کہ ’جارج کافی مقبول ہیں لیکن اُن کے خیال میں اب شاہی محل شہزادے جارج کو میڈیا سے تھوڑا دور ہی رکھے گا۔‘
شاہی مبصر نے یہ کہتے ہوئے اپنی بات کا اختتام کیا ہے کہ ’جارج کی اپنے والد کے ساتھ تصاویر بہت اچھی تھیں جب وہ اس تمام مختصر سے لمحے کے لیے بہت خوش تھے، شاہی محل اس حوالے سے بہت محتاط ہے۔‘
واضح رہے کہ ڈیوک اینڈ ڈچز آف کیمبرج شہزادہ ولیم اور کیٹ مڈلٹن کے بڑے بیٹے شہزادہ جارج اپنے والدین کے ساتھ گزشتہ دنوں ہونے والے یورو 2020ء کے فائنل میں انگلینڈ کو سپورٹ کرنے کے لیے میچ دیکھنے گئے تھے۔