سلطانپور۔ (وارتا) ۔ عاپ کے قومی ترجمان اور پارلیمانی الیکشن کے کنوینر سنجے سنگھ نے کہا کہ پارٹی کو انا ہزارے کی کمی محسوس ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی اپنے جس مقصد کو پورا کرنے کیلئے طویل عرصہ سے تحریک چلا رہی ہے اگر انا ہزارے بھی ساتھ میں ہوتے تو مقصد جلد پورا ہو سکتا تھا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ۱۶ویں پارلیمانی انتخاب میں پارٹی کو کم
سے کم ۱۰۰ نشستوں پر کامیابی حاصل ہوگی۔انہوں نے بتایا کہ سابق وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال کا وارانسی سے انتخاب لڑنا تقریباً طے ہے لیکن اس کا اعلان ۲۳؍مارچ کو کیا جائے گا۔ سلطانپور ضلع میں اپنے گھر پر ہولی منانے آئے سنجے سنگھ نے اخبار نویسوں کو بتایا کہ عاپ تمام ریاس
توں میں اپنے امیدوار کھڑے گی۔ پورے ملک سے تقریباً ۴۵۰ درخواستیں موصول ہوئی ہیں جس میں سے ۲۴۲؍ امیدواروں کا اعلان کیا جا چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں اترپردیش ، دہلی ، مہاراشٹر ، ہریانہ، پنجاب، مدھیہ پردیش، چھتیس گڑھ ریاستوں میں تمام سیٹوں پر عام آدمی پارٹی کے امیدوار انتخاب لڑیں گے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ تقریباً ۱۰۰سیٹوں پر پارٹی کو کامیابی کا یقین ہے۔ مرکز میں حکومت بنانے کے سوال پر انہوں نے کہا کہ ۱۶ویں پارلیمانی الیکشن میں کسی بھی پارٹی کو مکمل اکثریت حاصل نہیں ہوگی۔ اس صورتحال میں وہ بی جے پی اور کانگریس کے علاوہ جن لوک پال بل کی شرائط کو تسلیم کرنے والی پارٹیوں سے حکومت بنانے میں تعاون کریں گے۔ انہوں نے بدعنوانی کو اس دور کا راون بتاتے ہوئے کہا کہ اس کو مارنے کی ہمیں جدو جہد کرنی ہوگی۔ آج ہر سطح پر بدعنوانی کا دور دورہ ہے۔ گیس ، تیل ، راشن ، ڈرائیونگ لائسنس، پاسپورٹ وغیرہ تمام کاموں میں بدعنوانیاں ہوتی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ دہلی ۱۸ شرائط پر حکومت بنائی گئی اور جب گیس کے معاملہ میں صنعت کار امبانی کے خلاف مقدمہ درج ہونے کی بات آئی تو دہلی اسمبلی میں کانگریس اور بی جے پی متحد ہو گئے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان میں گیس کی قیمت ڈالر میں کیوں مقرر کی جا رہی ہے۔
کنٹریکٹ میں چار ڈالر کے بجائے امبانی نے ۸ ڈالر طے کر لئے تھے۔ یعنی دنیا میں اگر ڈالر کی قیمت بڑھے گی تو گیس کی قیمت میں بھی اضافہ ہوگا۔ اس صورتحال کو نافذ کرنے میں صنعت کار امبانی کبھی خواہشمند نہ ہوں گے کہ ڈالر کے مقابلہ میں روپئے کی قدر مضبوط ہو۔ انہوں نے کہاکہ اس مرتبہ ۸ ڈالرکرالینے سے امبانی کو ۵۴ ہزار کروڑ کا منافع ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں جو منریگا اسکیم چل رہی ہیں اس سے ملک کی سڑکوں کی اصل ضرورتیں پوری ہو سکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت میںبجلی اور پانی پر ۲۰۰ کروڑ کی سبسڈی دی تو تمام پارٹیوں نے شور مچا دیا۔ آخر اتنی بڑی رقم غریب عوام کے بجائے اکیلے صنعت کار کے کھاتے میں جا رہی ہے۔ انہوں نے بی جے پی اور کانگریس پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ دونوں پارٹیوں نے اپنے انتخاب میں ملزموں اور بدعنوانوں کو جگہ دی ہے۔ ملک کے عوام کیلئے دونوں ہی پارٹیاں مجبوری میں کام کر رہی ہیں۔ عام آدمی پارٹی پنچایت سے لیکر وزیر اعظم دفتر تک بدعنوانیوں کو ختم کرنے کی خواہاں ہے۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ عام آدمی پارٹی آج بھی گاندھیائی نظریات پر سیاست کر رہی ہے۔ پارٹی کے کسی بھی کارکن نے ابھی تک تشدد کا کوئی سہارا نہیں لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مہاراشٹر اور لکھنؤ وغیرہ میں جو واقعات ہوئے وہ پتھر بازی کی وجہ سے اکسانے پر ہوئے ہیں پھر بھی جہاں غلطی محسوس ہوئی ہے پارٹی نے اس کی معافی مانگ لی ہے۔